اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ٹینڈر و خریداری کے لئے آن لائن پورٹل کا افتتاح کیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-August-2018

علی گڑھ، 17؍اگست: حکومت ہند کے منصوبہ ’ڈجیٹل انڈیا‘ کو رفتار دیتے ہوئے اور خریداری میں شفافیت اور تیزی لانے کے مقصد سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اے ایم یو کے لئے جی ای ایم (گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس) اور ای -ٹینڈر آن لائن پورٹل کا ایک تقریب میں افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہاکہ ’جی ای ایم‘ خریداری اور ورک کانٹریکٹ کے میدان میں ایک بہت بڑا قدم ہے جس سے عوامی خریداری میں شفافیت اور تیزی آئے گی اور اس نظام سے مربوط ہونا ایک بڑا خاص موقع ہے۔ ’جی ای ایم‘ ہندوستان کا قومی خریداری پورٹل ہے جس میں کاغذ اور نقدی کا قطعی استعمال نہیں ہوتا اور اس ای-مارکیٹ سے عام استعمال کی اشیاء اور خدمات کا حصول کم از کم انسانی مداخلت سے ہوجاتا ہے۔ اس موقع پریونیورسٹی کے فائننس افسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر نے ضلع انفارمیٹکس آفیسر مسٹر پروین سنگھ اور ہندوستانی ٹیلی فون صنعت سے وابستہ مسٹر آنند سنگھ کو بھی مدعو کیا تھا۔ مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروفیسر ایس ایم جاوید اختر نے مذکورہ دونوں پورٹل کے فوائد و استعمال کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم ایچ بیگ، وائس چانسلر کے او ایس ڈی پروفیسر اصفر خاں اور پروفیسر عبدالسلام، ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر جمشید صدیقی، پراکٹر پروفیسر ایم محسن خا ں، پروفیسر ادیب اے خاں، او ایس ڈی (ڈیو لپمنٹ) پروفیسر جمال اے خاں، جوائنٹ رجسٹرار ڈاکٹر ناظم حسین جعفری، ڈائرکٹر کمپیوٹر سنٹر ڈاکٹر پرویز محمود، ایم آئی سی الیکٹریسٹی ڈاکٹر ریحان علوی، پروفیسر اظہار ایچ فاروقی، انجینئر فیروز خاں اور دیگر اہلکار موجود تھے۔