بھارت-انگلینڈ کا دوسرا ٹسٹ بھی بارش سے متاثر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2018

لندن، 10 اگست (یو این آئی ) انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے ہندوستانی ٹیم کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو پہلے سیشن میں ایک کے بعد ایک دو جھٹکے دیئے لیکن اس کے بعد بارش آ جانے سے کھیل رک گیا اور لنچ وقت سے پہلے لے لیا گیا۔ ہندستان نے 3 وکٹ کے نقصان پر15 رنز بنا لئے ہیں۔تقریباً 2گھنٹے تک میچ رکنے کے بعد پھر سے شروع ہوا۔ میچ شروع ہوتے ہی چتیشور پجارا(1) رن بنا کر وراٹ کوہلی کی غلطی سے رن آؤٹ ہوگئے اور اس طرح بھارت نے تیسرا وکٹ بھی کھو دیا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ کا آغاز جمعرات سے ہونا تھا لیکن پہلے دن کا کھیل بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ جمعہ کو جب میچ شروع ہوا تو انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اینڈرسن نے ہندستان کو پہلے اوور کی پانچویں گیند پر دھچکا دے دیا جب انہوں نے مرلی وجے کو بولڈ کر دیا۔ وجے کھاتہ نہیں کھول سکے اور سیریز میں مسلسل تیسری اننگز میں مایوس کر گئے۔ ہندستان نے اوپنر شکھر دھون کو باہر کر اوپننگ میں لوکیش راہل کو آزمایا لیکن وہ بھی اینڈرسن کا دوسرا شکار بن گئے۔ راہل نے 14 گیندوں میں دو چوکے لگا کر آٹھ رن بنائے۔ لیکن اینڈرسن کی باہر نکلتی گیند ان کے بلے کا بیرونی کنارہ لے کر وکٹ کیپر جانی بيرسٹو کے ہاتھوں میں سما گئی۔ اینڈرسن کی سوئنگ لیتی گیندوں نے ہندوستانی بلے بازوں کو خاصا پریشان کیا۔ پہلے ٹیسٹ سے باہر رہے پجارا نے اس میچ میں شکھر کی جگہ لی اور کھیل رکنے کے وقت وہ 19 گیندوں میں صرف ایک رن بنا کر کریز پر تھے۔ دوسرے سرے پر کپتان وراٹ کوہلی ایک رن بنا کر کریز پر تھے۔ اس سے پہلے ہندستان نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں ۔ چائنامین بولر کلدیپ یادو کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ہندستان کی آخری الیون میں جگہ مل گئی جبکہ چتیشور پجارا کو ٹیم میں اوپنر شکھر دھون کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ پجارا کو شکھر کی جگہ اور کلدیپ کو فاسٹ بولر امیش یادو کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انگلینڈ نے بھی ایک تبدیلی کی اور کرس ووکس کو بین اسٹوکس کی جگہ آخری الیون میں شامل کیا گیا۔ اسٹوکس قانونی کارروائی کے چلتے باہر ہیں۔ انگلینڈ نے اولي پوپ کو اپنا ٹیسٹ ڈیبو کا موقع دیا۔