راہل گاندھی کا آج سے دوروزہ حیدر آباددورہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-August-2018

حیدرآباد12اگست(یواین آئی) صدر کانگریس راہل گاندھی کے دو روزہ دورہ حیدرآباد کا پیر سے آغاز ہورہا ہے جس کا کافی چرچاچل رہا تھا۔وہ کانگریس کے صدر بننے کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ پیر او رمنگل کو کئی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ان کے پروگرام کی خاص بات ریاستی اسمبلی کامپلکس کے روبرو گن پارک میں تلنگانہ یادگار شہیداں پر خراج کی پیشکشی ہوگا کیونکہ تلنگانہ کو ریاست کادرجہ دینے کے لئے چلائی گئی تحریک سے اس یادگار کی جذباتی وابستگی ہے۔راہل ،پیر کو 2.30بجے دن کرناٹک کے بیدر سے یہاں کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچیں گے اور قریبی کلاسک کنونشن سنٹر میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس سے خطاب کریں گے، اسی شام وہ سیری لنگم پلی میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔منگل کو وہ ایڈیٹرس اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کریں گے اور بعد ازاں دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اوراے پی کے نوجوان سی ای اوز سے اسٹار ہوٹل میں ملاقات کریں گے۔منگل کی شام وہ دہلی روانگی سے پہلے سرور نگر میں طلبہ اور بے روزگار نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔راہل گاندھی کا اصل پروگرام عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کا تھا تاہم یوینورسٹی حکام نے ان کو یونیورسٹی کے دورہ کی اجازت نہیں دی۔تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور عثمانیہ یونیورسٹی کے بے روزگاروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے راہل کے دورہ کی اجازت دینے سے انکا ر پر گزشتہ روز وائس چانسلر ایس رامچندرن کا گھیراو کیا ۔برہم طلبہ نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت کی ایما پر ہی راہل گاندھی کے دورہ عثمانیہ یونیورسٹی کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔اسی دوران تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی کی قیادت میں پارٹی لیڈران ،راہل گاندھی کے دورہ کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے ۔