سابق لوک سبھا اسپیکر سوم ناتھ چٹرجی کا انتقال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-August-2018

کولکتہ، 13 اگست (یواین آئی) سابق لوک سبھا اسپیکر سومناتھ چٹرجی کا سوموار کو انتقال ہو گیا. وہ 89 سال کے تھے۔سوم ناتھ چٹرجی کچھ عرصہ سے بیمار تھے اور کچھ دن پہلے انہیں یہاں ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اتوار کی صبح ان کو دل کا دورہ پڑا تھا جس سے ان کی حالت نازک ہو گئی تھی۔ سوموار کی صبح انہوں نے آخری سانس لی۔کمیونسٹ لیڈر سوم ناتھ چٹرجی10 بار لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے اور 2004 سے 2009 تک یوپی اے 1 حکومت کے دوران لوک سبھا كکے اسپیکر رہے۔2008 میں اس وقت کی یو پی اے حکومت نے جب امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدہ کیا تو مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے حکومت سے حمایت واپس لے لی تھی اور سوم ناتھ چٹرجی سے لوک سبھا اسپیکر کا عہدہ چھوڑنے کیلئے کہا تھا، لیکن انہوں نے یہ کہتے ہوئے عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا کہ لوک سبھا اسپیکر کے طور پر وہ کسی پارٹی کے ساتھ نہیں ہیں۔ اس کے بعد سی پی ایم نے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا۔ صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت مختلف وزراء اور سیاسی شخصیات نے سابق لوک سبھا اسپیکر سومناتھ چٹرجی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مسٹرکووند نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ایوان میں اپنی مضبوط شخصیت کی چھاپ چھوڑنے والے مسٹر چٹرجی کا انتقال نہ صرف مغربی بنگال بلکہ پورے ملک کے لئے بہت بڑا نقصان ہے. انہوں نے ٹویٹ کیا، آنجہانی لیڈر کے اہل خانہ اور ان گنت پرستاروں کے تئیں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔مسٹر مودی نے مسٹر چٹرجی کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ سابق ممبر پارلیمنٹ اور لوک سبھا اسپیکر سومناتھ چٹرجی ہندوستانی سیاست کے ایک قدآور لیڈر تھے۔ انہوں نے ہمارے پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کیا۔ وہ غریبوں اور کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ آواز اٹھاتے تھے۔مسٹر مودی نے ان کے خاندان اور حامیوں سے اظہار تعزیت کیا۔کانگریس صدر راہل گاندھی نے مسٹر چٹرجی کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے. مسٹر گاندھی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مسٹر چٹرجی 10 بار ایم پی رہے. وہ اپنے آپ میں ایک انسٹی ٹیوٹ تھے. تمام ممبران پارلیمنٹ پارٹی لائن سے اوپر اٹھ کر ان کا احترام کرتے تھے۔ غم زدہ خاندان کے ساتھ تعزیت۔بہار کے گورنر ستیہ پال ملک نے سابق لوک سبھا چیئر مین اور کمیونسٹ لیڈر مسٹر سومناتھ چٹرجی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ گورنر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہےکہ سومنا تھ چٹرجی کے انتقال سے ہندوستانی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان ہواہے۔ انہوں نے بطور اسپیکر ایوان کے وقار میں اضافہ کیاتھا۔ گورنر نے دعا کی کہ خداآنجہانی لیڈر کی روح کو سکون اور اہل خانہ اور مداحوں کو صبر عطا کرے۔ وزیراعلی نتیش کمار نےبھی لوک سبھا کے سابق اسپیکر سومناتھ چٹرجی کے انتقال پر گہرےرنج وغم کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ سوم ناتھ چٹرجی دس مرتبہ لوک سبھا کے رکن رہے۔ انہوں نے کہاکہ سوم ناتھ چٹرجی کو اعلی سیاسی اصولوں کے لئے یاد کیا جاتا تھا۔ اپنے اعلی سیاسی اقدار کی وجہ سے وہ اتفاق رائے لوک سبھا کے اسپیکر بنے۔انہوں نے لوک سبھا کے وقفہ صفر کی لائیو نشریات شروع کیں۔ ان کے انتقال سے سیاسی اور سماجی شعبہ میں ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے آنجہانی کی روح کو سکون اور ان کے رشتہ داروں کو دکھ کے اس وقت میں صبر کی طاقت دینے کی بھگوان سے دعا کی۔