سدھو حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے پاکستان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-August-2018

لاہور، 17 اگست (یو این آئی) ہندستان کے سابق کرکٹر اور موجودہ سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو براستہ واگھہ بارڈر لاہور پہنچے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کی آج رات نامزد وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا اور نئے وزیراعظم کل ایوان صدر میں تقریب کے دوران صدر ممنون حسین سے اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تین ہندستانی سابق کرکٹرز کو دعوت دی گئی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی تھی۔ نوجوت سنگھ سدھو نےلاہور آمد کے بعد واگھہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننا خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ میری جانب سے پوری پاکستانی قوم اور عمران خان کو پرامن انتخابات پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد قبول ہو۔میں ہندستان سے محبت کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فنکار اور کھلاڑی تمام دنیا میں عوام کے درمیان محبت اور پیار کو فروغ دیتے ہیں۔میرا پاکستان کا دورہ صرف اور صرف عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ہے اور میں اپنے دوست کی دعوت پر خصوصی طور پر آیا ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں ہندستان سے عمران خان کیلئے صرف ایک شال کا تحفہ لایا ہوں اس کے علاوہ ان کے ساتھ میری اور میرے دوستوں و اہل خانہ کی ان گنت دعائیں ہیں۔ نوجوت سدھو19 اگست کو واپس لاہور پہنچیں گے اور اسی دوپہر واپس ہندستان لوٹ جائیں گے ۔پاکستان کی طرف سے نوجوت سنگھ سدھو کو2 ہفتے کا ویزا جاری کیا گیا ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ میں یہاں محبت کا پیغام لے کر آیا ہوں اور عمران خان کی خوشی میں شریک ہونے آیا ہوں لیکن مجھے افسوس ہے کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان دوستی بس چلانے والے ہمارے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری با جپائی آنجہانی ہوگئے ہیں۔