Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-August-2018
جکارتہ : ہندستان کو 18ویں ایشیائی کھیلوں میں سنہری شروعات دلانے کا دارومدار دو مرتبہ کے اولمپک میڈل یافتہ سشیل کمار اور دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ پونیا پر رہے گا۔
ایشیائی کھیلوں میں اتوار کو مقابلوں کی شروعات ہونے والی ہے اور پہلے ہی دن کشتی میں فری اسٹائل کے پانچ وز ن زمروں میں 57, 65, 74, 86اور 97کلوگرام کا فیصلہ ہوگا۔ ان پانچ زمروں میں ہندستان کی سب سے بڑی امید دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والے سشیل اور بجرنگ ہیں۔ دونوں ہی پہلوان شاندار فارم میں ہیں اور ہندستانی سنہری امیدوں کو پہلے ہی دن پروان چڑھا سکتے ہیں۔
74کلوگرام زمرہ کے پہلوان سشیل نے مقابلہ کے لئے خود کو پوری طرح فٹ اور تیار بتایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں اس وقت اپنی پوری فارم میں ہوں ۔ میرا ہمیشہ سے ماننا ہے کہ سامنے والا حریف چھوٹا یا بڑا، جونےئر یا سینئر نہیں ہوتا بلکہ آپ کو ہر حریف سے پوری سنجیدگی کے ساتھ لڑنا ہوتا ہے۔
سشیل نے اس برس گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلو ں میں سونے کا تمغہ جیت کر دولت مشترکہ کھیلو ں میں سونے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ سشیل عالمی چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ، ایشیائی چیمپئن شپ میں سونے اور مسلسل دو اولمپک میں کانسہ اور چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں لیکن ان کے پاس ایشیائی کھیلوں کا سونے کا تمغہ نہیں ہے۔ سشیل نے ایشیائی کھیلوں کے لئے دو بار جارجیا جاکر اپنی تیاریوں کو مضبوط کیا ہے۔