سومناتھ کے ساتھ ہندستانی سیاست کے ایک دور کا خاتمہ : سمترا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-August-2018

نئی دہلی،13 اگست (یو این آئی) لوک سبھا کی اسپیکر سمتر ا مہاجن نے لوک سبھا کے سابق اسپیکر سومناتھ چٹرجی کو ہندستانی جمہوریت کے شاندار ناظموں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے آج کہاکہ ان کے انتقال سے ملک کی سیاست میں ایک دور ختم ہوگیا ہے جس کی بھرپائی نہیں ہوسکتی۔محترمہ مہاجن نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مسٹر چٹرجی سیاست اور جمہوریت کے شاندار ناظموں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے اپنی سیاسی سمجھ ، غیرجانبدارانہ رویہ اور بے خوف اسپیکر کے طورپر ہندستانی سیاست میں اپنا اہم مقام بنایا۔ مسٹر چٹرجی نے لوک سبھا اسپیکر کے طورپر ہندستانی جمہوریت کی غیرمعمولی خدمت کی۔ ہماری جمہوری روایات اور طریقہ کار کو مضبوطی بخشی۔انہوں نے کہاکہ وہ پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے تھے اور انہو ں نے بڑی سختی اور عزم کے ساتھ پارلیمنٹ کی بالادستی کو برقرار رکھا۔ان کے انتقال سے ہندستانی سیاست کے ایک دور کا خاتمہ ہوگیا اور اس خالی جگہ کوبھرنا مشکل ہے۔