عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم کا حلف لیں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-August-2018

اسلام آباد : تمام اٹکلوں کا خاتمہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ عمران خان 21 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے 18 اگست کو حلف لیں گے۔ یہ اطلاع ڈان نے دی۔

عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں سینئر پارٹی لیڈروں کی میٹنگ کے بعد پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے اسپیکر، پنجاب کے گورنر اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کےلئے بالترتیب اسد قیصر، چودھری سرور اور چودھری پرویز الہی کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب کے وزیراعلی کے بارے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ۔ مسلم لیگ۔ نواز سے تعلق رکھنے والے سابق اسمبلی اسپیکر سردار ایاز صادق کے ذریعہ حلف برداری کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے پارٹی کےممبران پارلیمنٹ اور اپنے اتحادیوں کی ایک بڑی میٹنگ پیر کی شام بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں 180 ممبران کی حمایت حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے ڈان کو جمعہ کو بتایا کہ ’’پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان 18 اگست کو پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔‘‘

یہ فیصلہ پارٹی کے سینئر لیڈروں نے عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں کیا ۔ وزیراعظم کی حلف برداری کی تاریخ کا اعلان باضابطہ طور پر قومی اسمبلی اسپیکر کریں گے۔ 13 اگست کو اسمبلی کے افتتاحی سیشن کا آغاز ہوگا جب تمام قومی ممبران اسمبلی حلف لیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 یا 16 اگست کو ہوگا۔