واجپئی کوموہن بھاگوت سمیت تمام سیاستدانوں نے خراج عقیدت پیش کیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-August-2018

نئی دہلی، 17 اگست (ایجنسی): سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کا جسد خاکی جمعہ کو تقریبا ًدس بجے ان کی سرکاری رہائش گاہ 6 اے۔کرشن مینن روڈ سے دین دیال اپادھیائے روڈ پر واقع بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر دفتر کے لئے لایا گیا۔اس سے قبل انہیں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت، کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت تمام لیڈروں نے خراج عقیدت پیش کیا۔گھر سے نکلتے وقت واجپئی کے جسد خاکی کوپورے سرکاری اعزاز دیا گیا۔ان کے قافلے می سب سے آگے تینوں ا فواج کی گاڑیاںتھیں اوراس کے پیچھے پھول و ہار سے سجے فوج کے دو ٹرک۔ پہلے ٹرک میں واجپئی کے گھروالے بیٹھے تھے جبکہ دوسرے ٹرک میں ترنگے میں لپٹا واجپئی کا جسد خاکی رکھا ہوا تھا۔ اس دوران مرکزی وزرا بھوپیندر یادو، پیوش گوئل اور انوراگ ٹھاکر پورے پروگرام کا بندوبست دیکھ رہے تھے۔ جسد خاکی کے بی جے پی ہیڈ کوارٹر کے لئے روانہ ہونے سے پہلے واجپئی کے آخری دیدار کے لئے آر ایس ایس (آر ایس ایس) کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت، فوج کے سربراہ بپن راوت، بحریہ سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، کانگریس صدر راہل گاندھی، اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو، دھرمندر یادو، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندربابو ناڈواور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دیگوجے سنگھ نے واجپئی کے جسد خاکی پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق واجپئی کا جسد خاکی ان کے گھر سے 9 بجے نکلنا طے تھا لیکن ان کے دیدار کے لئے پہنچنے والے ہجوم کے پیش نظر اس میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہوئی ۔ اس کے بعد ان کے جسد خاکی کو بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر میں رکھا گیا جہاں سے اسے دوپہر بعد راج گھاٹ واقع اسمریتی استھل کے لئے روانہ ہوا۔