وقار یونس عمران خان کو مبارکباد دینے پاکستان پہنچے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-August-2018

لاہور ، 12 اگست (یو این آئی )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس عمران خان کو مبارکباد دینے آسٹریلیا سے خصوصی طور پر پاکستان آگئے ہیں ،وہ وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کریں گے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کے آنے سے کرکٹ میں بھی بہتر تبدیلی آئے گی۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ عمران خان ٹاپ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں اور ان سے بہتر جج کوئی نہیں ہوسکتا، کرکٹ میں جو بھی تبدیلی لانی ہے وہ اس پر بہتر طریقے سے سوچیں گے اور کرکٹ ہی نہیں ہر شعبے میں تبدیلی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کے لیے اچھی پالیسی بنائیں گے کیونکہ وہ ہمیشہ سے ہی کہتے ہیں کہ ٹیمیں کم کرو، کرکٹ کا معیار اور فرسٹ کلاس کرکٹ گراؤنڈز بہتر بناؤ اور اسٹیڈیم کی دیکھ بھال رکھو۔گفتگو کے دوران وقار یونس نے بتایا کہ ہم تمام کرکٹرز نے عمران خان سے ملاقات کی جو کہ ہماری ذمہ داری تھی، ہم نے مل کر ان کی حوصلہ افزائی کی اور بہت سے معاملات پر بات چیت بھی کی جو کہ مثبت نشانی ہے۔