ہندستان کمزور ٹیم نہیں ہے:سرفراز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-August-2018

لاہور ، 15 اگست (یو این آئی ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ایشیائی ٹیموں کو ہمیشہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں مشکل پیش آتی ہے اور میں ہر گز نہیں کہتا کہ انگلینڈ کے مقابلے میں ہندستان کمزور ٹیم ہے ۔لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے محتاط انداز میں ہندستان کو کم تر ٹیم قرار دینے سے گریز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی کنڈیشن میں کھیلنے والی ٹیمیں انگلش کنڈیشن میں ہمیشہ جدوجہد کرتی ہیں۔ ہندستانی ٹیم نے انگلینڈ جاتے ہی پہلا ٹیسٹ میچ کھیل لیا۔ہندستان کو برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ نے31رنز سے شکست دی اور دوسرے لارڈز ٹیسٹ میں ہندستان کو اننگز اور159رنز کی بھاری شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہندستان کے علاوہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں ہم کسی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے۔ تمام ایشیائی ٹیمیں اچھا کھیل رہی ہیں۔ ایشیا کپ میں ہندستان کے پاس زیادہ تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔ ہندستانی بیٹنگ لائن میں کئی بڑے، منجھے ہوئے اور سینئر نام ہیں ان کے مقابلے میں ہمارے پاس ون ڈے کے تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے۔ ہم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ہندستان کو شکست ضرور دی ہے لیکن ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں کہنا مشکل ہے لیکن ہمارے کھلاڑی وقت گذرنے کے ساتھ تجربہ حاصل کررہے ہیں اور میچور ہورہے ہیں امید ہے کہ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کی طرح ہم اپنے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ تجربہ کار ہندستانی ٹیم کو ٹکر دیں گے۔ایشیا کپ مشکل ٹورنامنٹ ہے کوشش کریں گے کہ ہندستان سمیت تمام ایشیائی ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں۔