ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اجیت واڈیکر کا انتقال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-August-2018

ممبئی ،16؍اگست ،(آئی این ایس انڈیا) غیر ملکی زمین پر ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کو پہلی جیت دلانے والے سابق کرکٹ کپتان اجیت واڈیکر کا لمبی بیماری کے بعد ممبئی میں انتقال ہو گیا۔وہ 77 سال کے تھے۔ان کے خاندان میں بیوی ریکھا کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔واڈیکر نے جنوبی ممبئی کے جسلوک اسپتال میں آخری سانس لی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے واڈیکر کو عظیم بلے باز، شاندار کپتان اور مؤثر کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بتاتے ہوئے ان کے انتقال پر افسوس ظاہر کیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا کہ اجیت واڈیکر کو ہندوستانی کرکٹ میں ان کے عظیم شراکت کے لئے یاد کیا جائے گا۔عظیم بلے باز اور شاندار کپتان جنہوں نے ہماری ٹیم کو کرکٹ کی تاریخ کی یادگار جیت دلائی۔وہ مؤثر کرکٹ ایڈمنسٹریٹر بھی تھے۔ان کے جانے کا دکھ ہے۔واڈیکر کا شمار ہندوستان کے کامیاب کپتانوں میں ہوتاہے۔وہ بائیں ہاتھ کے بلے باز اور موثر فیلڈر تھے۔ان کا بین الاقوامی کیریئر آٹھ سال کا رہا۔واڈیکر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے واحد ایسے کپتان تھے جنہوں نے مسلسل تین سیریز میں ٹیم کو جیت دلائی۔ان میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ہندوستان کی جیت شامل ہے۔انہوں نے 37ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں 31-07 کی اوسط سے 2113 رنز بنائے۔انہوں نے واحد سنچری(143رن) 1967-68 میں نیوزی لینڈ کے خلاف لگائی تھی۔واڈیکر چار بار 90یا اس سے زیادہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مگر سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔وہ ہندوستانی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان تھے۔انہوں نے تاہم دو میچ ہی کھیلے۔واڈیکر 1990 کی دہائی میں محمد اظہر الدین کی کپتانی کے دوران ہندوستانی ٹیم کے مینیجر بھی رہے ۔وہ بعد میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔گھریلو کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی کافی اچھی رہی ۔