یوم آزادی سے پہلے دہلی میں ہائی الرٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-August-2018

نئی دہلی : یوم آزادی پر کسی بھی طرح کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے دہلی پولیس حفاظتی انتظامات کو چاک و چوبند کرکے اضافی احتیاط برت رہی ہے۔

اہم بازاروں اور مال، ریلوے اسٹیشنوں، بس اڈوں او ردیگر بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں دہلی پولیس نے چوکسی بڑھا دی ہے۔ سینئر حکام دہشت گردی جیسی کسی بھی طرح کی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے خودحالات کاجائزہ لے رہے ہیں۔

دہلی ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے تعلق سے سنیچر کو مشورہ جاری کیا ہے۔ یہ مشورے 13 اگست کو ہونے والی یوم آزادی کی مشق اور پندرہ اگست کی یوم آزادی کی تقریب کے لئے خصوصی طورپر جاری کئے گئے ہیں۔

یوم آزادی تقریب کی جگہ لال قلعہ اور اس کے آس پاس سخت نظر رکھی جارہی ہے اور علاقہ میں اضافی پولیس اور نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس دستہ اہم مقامات کا اچانک معائنہ کررہا ہے۔