7522کروڑ کے بجلی منصوبوں کا آغاز وافتتاح

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2018

پٹنہ ،10اگست(اسٹاف رپورٹر) :وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج بجلی بھون کے احاطہ میں 7522.38 کروڑ روپے کے منصوبے کا ریمورٹ کے ذریعہ سنگ بنیاد ، افتتاح اور اجرا کیا ۔ اس موقع پر پروگرام کو خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج اسی احاطہ میں پھر تین ماہ بعد ہم لوگ بجلی محکمہ کے اس اہم پروگرام میں حاضر ہوئے ہیں۔بجلی محکمہ اپنے کام کو جتنا تیزی سے کر رہاہے ، اس سے ہم سب کو بہت خوشی ہورہی ہے ۔ ریاست کے زیادہ سے زیادہ لوگ بجلی کے شعبہ میں کیے گئے کام سے مطمئن ہیں ۔ 6 سال قبل 15 اگست 2012 کو میں نے تاریخی گاندھی میدان میں جھنڈا پھہرانے کے بعد اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ اگر بجلی کی حالت میں سدھار نہیں کر پائے تو 2015 کے انتخاب میں ووٹ نہیں مانگیں گے ۔ان6 برسوں میں بجلی کے شعبہ میں تیزی سے کام ہواہے ۔ ہر گائوںاور ہر ٹولے تک بجلی پہنچ گئی ہے ۔ جیسا کہ بجلی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری نے بتا کہ 38 اضلاع میں سے 10 اضلاع شمالی بہار کے ہیں اور 7 اضلاع جنوبی بہار کے ہیں ۔ سات عزائم میں سے ایک ہر گھر تک بجلی پہنچانے کاعزم ہے ۔ جو کہ اس سال کے آخر تک مکمل ہونا ہے ۔ اس بارے میں بجلی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری نے بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ جب ہم 2005 میں اقتدار میں آئے تھے ، اس وقت بجلی کی سپلائی تقریبا700 میگاواٹ تھی ، اس میں کچھ بجلی نیپال کو اور کچھ ریلوے کوفراہم کرائی جاتی تھی ۔ 15اگست 2012 کو بجلی کے بارے میں جو باتیں میں نے کہی تھیں ، اس دوران ریاست کو تقریبا1751 میگا واٹ بجلی سپلائی ہو رہی تھی ، سال 2018 کے جولائی تک 5008 میگاواٹ بجلی سپلائی ہو رہی ہے ۔ بجلی کے شعبہ میں آج ہم نے بڑی حصولیابی کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے بجلی محکمہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کو بجلی بل وقت پر فراہم کرائیں ۔ پہلے لوگوں کو بجلی بل وقت پر نہیں ملتا تھا، جو بجلی کا بل ملتا تھا ، اس میں بھی بہت خامیاں رہتی تھیں ۔ اب اس شعبہ میں تیزی سے کام ہوا ہے اور حالات بہتر ہو رہے ہیں ۔ اب اسپلاٹ بلنگ کا انتظام بھی کیاجارہا ہے ، جس سے وقت پر بجلی بل کی ادائیگی ہو رہی ہے۔ اس سے بجلی محکمہ کی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ گزشتہ مالی سال میں 8000 کروڑ روپے کی آمدنی اس محکمہ کو ہوئی تھی ۔ اے ٹی اینڈ سی (اے گریٹ ٹیکنا لوجی اینڈ کمر شیل)خسارہ 40 فیصد سے گھٹ کر اب 33 فیصد ہو چکا ہے ۔ اسے 25 فیصد کر نے کا نشانہ رکھا گیا ہے ۔ بجلی محکمہ اس کے لیے پابند عہد ہے ۔تمام چیزوں کو وقت پر فراہم کرا کر اس نشانہ کو گھٹا کر 10 فیصد تک کر دیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے خزانے سے سبسیڈی دے کر صارفین کو بجلی بل میں راحت پہنچارہی ہے ۔ ریاستی حکومت سبسیڈی کی شکل میں فی یونٹ کتنا خرچ کرررہی ہے ، اس کی جانکاری اس بل میں رہتی ہے ۔ اس سے صارفین کو ریاستی حکومت کے ذریعہ ملنے والی بجلی سبسیڈی کی رقم کے بارے میں جانکاری تو ملتی ہی ہے ساتھ ہی ان کے اوپر اخلاقی دبائو بنتا ہے کہ غیر ضروری طور سے بجلی کی کھپت نہ کریں ۔ اس سے ریاست کے لوگوں میں سماجی شعور بھی بڑھے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ 2018-19 میں ریاستی حکومت 3137 کروڑ روپے اس مد میں سبسیڈی کے طور پر خرچ کرے گی ۔ ریاستی حکومت بجلی فراہمی کے مد میں بجلی کمپنیوں کو ہو نے والے خسارے کو اپنے بجٹ سے سبسیڈی دیکر اس کی بھر پائی کرتی ہے ۔ دھیرے دھیرے یہ سبسیڈی گھٹ رہی ہے اور ہو نے والے خسارے میں کمی آرہی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی چوری کے مسائل کا حل بھی کیا جارہا ہے ، اس کے لیے نئے طریقے لاگو کیے جارہے ہیں ۔ اب سپلائی کے تار کوٹیڈ رہیں گے ، بجلی کے کیبل کو بدلنا بھی ایک اہم کام ہے ۔ بجلی کے تارگر نے سے ہو نے والی موت کافی خطرنات ہوتی ہے۔پرانے اور خستہ حال تاروں کو بدلنے کے لیے 3000 کروڑروپے کے منصوبے کا افتتاح پہلے ہی کیا جا چکا ہے ۔ اس کام کو مکمل کر نے کے لیے محکمہ نے تین سال کا نشانہ رکھا ہے ۔ میں آپ لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں اس اہم کام کو دو سال میں ہی پوراکریں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حال ہی میں خشک سالی کی ممکنہ صورت حال سے نپٹنے کے لیے جائزہ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ ایگریکلچرکے حلقہ کے لیے بجلی کی شرح کو 96 پیسے سے گھٹا کر 75 پیسے کر دیا گیا ہے ۔ اسٹیٹ ٹیوب ویل کے لیے کمر شیل قیمت کی جگہ ایگریکلچر کی شرح 75 پیسے کر دی گئی ہے ۔ کسانوں کو ڈیزل سبسڈی 50 روپے فی لیٹر کی شرح سے دی جارہی ہے ۔ کسانوں کے فائدے کے لیے یہ سب کام کیے جارہے ہیں ۔ ایگریکلچر فیڈر کی تعمیر کا کام کیا جا رہا ہے ۔ بتا یاگیا ہے کہ 120 فیڈر کی تعمیر کرائی جا چکی ہے ۔ 231پاور سب سینٹر میں سے 69 کی تعمیر کرائی جاچکی ہے ۔ اسے 2019 کے مارچ تک مکمل کر نے کا نشانہ رکھا گیا ہے ۔ اگر آپ لوگ اس نشانہ کو حاصل کر تے ہیں تو انعام دیا جائیگا ۔ 40فیصد خواتین پاورگریڈ کمپنی میں کام کررہی ہیں ، انہیں رہائش اور بنیادی سہولتیںفیڈر سینٹر پر مہیا ہو سکے اس کے لیے ریاستی منصوبہ کے مد سے سرکار مدد کرے گی ۔ ایگریکلچر ورک کے لیے 1312ایگریکلچر فیڈر کی تعمیر کا کام مارچ 2019 پورا کر نے کا آپ نے جو وعدہ کیا ہے ، مجھے یقین ہے کہ آپ اس پرکھرے اتریں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت این ٹی پی سی کو کانٹی ، نوی نگر اور برونی بجلی کارخانہ سپرد کر چکی ہے ۔ اس سے پاور جنیریشن کا کام اور بہتر طریقہ سے ہو سکے گا ۔ ہماری سرکار ماحولیاتی اور قدرت کے تحفظ کے تئیں الرٹ ہے ۔ لکھی سرائے کے کجرا میں 250 میگا واٹ کے پیدا وار اور بھاگلپور کے پیر پینتی میں 235 میگا واٹ کی پیداوار کے لیے اور بجلی پارک کی تعمیر کرارہی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی کاری کے شعبہ میں کام کر نے والے انجینئروں کو انعام دیا گیاہے ۔ ویدھت بھون میں جدید طرز کی لائبریری ، خواتین کے لیے کامن روم اور ہال کا افتتاح کیا گیاہے ، اس کا فائدہ آپ لوگوں کو ہو گا ۔ مجھے خوشی ہے کہ آج پاور سب اسٹیشن کے تحت سپلائی شعبہ کے منصوبوں کا افتتاح ، اجرا اور سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے انجینئروں کے ذریعہ فیڈ بیک پرزنٹیشن دیا گیا جو بہت اچھا تھا ۔ نئی نسل کے لوگوں میں کافی دم ہے ،پرانے لوگ بھی کافی سرگرم ہیں ۔ آپ لوگوں کی محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ وقت پر منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے ۔آپ لوگ فیلڈ میں جائیں اس دوران نئے نئے چیلنجوں کا سامنا ہو گا اور امید ہے کہ آپ لوگ اس کا حل بھی نکالیں گے ۔ ہم بھی سفر کر تے ہیں تاکہ منصوبوں کے زمینی حقائق کا علم ہو سکے اور اس پر بہتر ڈھنگ سے عملدرآمد کر نے اور نئے منصوبوں کو بنا نے میں مدد مل سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کو ترقی کا فائدہ مل رہا ہے ۔ انصاف کے ساتھ ترقی کے راستے پر بہار گامزن ہے ۔ بہار اپنے قابل فخر ماضی پھر سے حاصل کرے گا، اس میں آپ نوجوانوں کا اہم کردار ہو گا ۔اس مو قع پر وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم بجلی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری جناب پر تے امرت نے گلدستہ پیش کر کے کیا ۔پروگرام سے قبل ویدھت بھون 2 واقع پانچویں منزل پر نو تعمیرماڈرن لائبریری اور خواتین کومن روم کا وزیر اعلیٰ نے افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ویدھت بھون 1واقع گرائونڈ فلور میں نو تعمیر ہال کا بھی افتتاح کیا ۔ لائبریری میں واقع آڈیو ویوزول ڈاکومینٹری کا مظاہرہ کیا ۔ پروگرام کے دوران 2018بیچ کے نئے انجینئر سوربھ کمار اور اپوربا اگر وال کے ذریعہ فیڈرر پرزنٹیشن پیش کیا گیا ۔ بجلی کاری کے شعبہ میں بہتر کام کر نے والے انجینئر وں ، متعدد بجلی ایجنسی کے چیئر مین ، افسران کو اعزا ز سے نوازا گیا ۔ پرو گرام کے دوران’ ہر گھر بجلی‘ منصوبہ کے ابتک کے سفر پر ایک ڈیکو مینٹری کی نمائش کی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے ریمورٹ کے ذریعہ 109 پاور سب اسٹیشن کے تحت نو تعمیر پی ایس ایس ، اور ٹرانسمیشن کے منصوبوں کا سنگ بنیاد ، افتتاح اور اجرا کیا ۔ پروگرام کو نائب وزیر اعلیٰ جناب سشل کمار مودی ، بجلی کے وزیر جناب وجندر پرساد یادو ، پرنسل سکریٹری بجلی جناب پرتئے امرت نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری جناب دیپک کمار ، بہار ایلکٹری ریگولیٹری کمیشن کے چیئر مین جناب ایس کے نیگی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری جناب چنچل کمار ، سائوتھ بہار پاور سپلائی کمپنی لمیٹڈ کے چیئر مین جناب آر لکشمنن ، نارتھ بہار پاور سپلائی کمپنی لمیٹڈ کے چیئر مین جناب سندیپ کے آر ، پرنسپل اکائوٹنٹ جنرل جناب نیلوتیپل گوسوامی ، جیوکا کے چیف ایگزیکیٹو افسر جناب بالا موروگن ڈی ، ڈی ایم کمار روی سمیت دیگر سینئر افسران، متعدد بجلی کمپنیوںکے ڈائریکٹرس ، انجینئراور کئی شخصیات موجود تھیں ۔ ویڈیو کانفرنسنگ سے ممبران پارلیمنٹ ، ممبران اسمبلی ، ممبران قانون سازیہ کونسل ، دیگر نمائندے اور ڈی ایم بھی اس پروگرام سے جڑے ہوئے تھے ۔