3یکساں سول کوڈ معاملے کو سیاسی رنگ دینا صحیح نہیں : نائیڈو

نئی دہلی 14 اکتوبر (یو این آئی) تین طلاق کے معاملے پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سخت موقف کے بعد شروع ہوئی بحث کے درمیان اطلاعات و نشریات کے وزیر وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ لاء کمیشن کے اس قدم کو سیاست کی عینک سے نہیں دیکھا جانا چاہئے ۔پرسنل لاء بورڈ نے تین طلاق کے موضوع پر لا کمیشن کی طرف سے جاری سوالنامے کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے آج اس بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا، “اگر آپ لا کمیشن کا بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے لیکن اپنے خیالات کو کسی پر نہ تھوپیں اور نہ ہی اسے سیاسی مسئلہ بنائیں۔ “انہوں نے کہا، “اس اقدام کا مقصد کیا ہے ، مجھے سمجھ نہیں آ رہا۔ اس پر اتفاق رائے بنایا جانا چاہئے ۔ “مسٹر نائیڈو نے کہا کہ پورے ملک میں تین طلاق پر بحث ہونی چاہئے ۔ کچھ لوگ تین طلاق کے معاملے کو یکساں سول کوڈ سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں لیکن یہ دونوں مسئلے بالکل مختلف ہیں۔ اصل مسئلہ صنفی مساوات اور غیرجانبداری کا ہے اور اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔مسٹر نائیڈو نے زور دے کر کہا کہ یکساں سول کوڈ کسی ایک مذہب سے متعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے پرسنل لاء بورڈ سے پوچھا، “آپ وزیر اعظم کا نام اس میں کیوں لا رہے ہیں اور انہیں ظالم کہہ رہے ہیں۔ “بورڈ سے اس معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینے کی درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سب کے لئے برابری کے تئیں عہد بند ہے ۔خیال رہے کہ پرسنل لاء بورڈ اور دیگر مسلم تنظیموں کی طرف سے مودی حکومت کے اس اقدام کی مخالفت میں کھڑے ہونے اور اپوزیشن کے بھی حکومت پر سوال اٹھانے سے یکساں سول کوڈ کے معاملے پر ہنگامہ مچا ہوا ہے ۔