NEET کا پیپرلیک! سینٹر سپرنٹنڈنٹ سمیت 5 گرفتار

پٹنہ، 7 مئی (طارق حسن)۔ بی ایس ایس سی کے بعد نیٹ کے امتحان کا پیپر لیک کرانے کی تیاری میں لگے سیٹر گینگ کو پٹنہ پولیس کی خصوصی ٹیم نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس میں پی ایم سی ایچ اور این ایم سی ایچ کے ایک ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ، ایک لاء اسٹوڈنٹ، کرائسٹ چرچ اسکول گاندھی میدان کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ اویناش چندرا اورپیپر لے کر بینک سے سینٹر جا رہے ڈرائیور کو دبوچا گیا ہے۔ پٹنہ پولیس نے تکنیکی تحقیق کے ذریعے ان کو ٹریس کیا اور پترکار نگر تھانہ علاقہ کے اولڈ بائی پاس کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔ سب کچھ چلتی گاڑی میں کرنا تھا۔ تیاری یہ تھی کہ بینک سے امتحان سینٹر پر پہنچنے سے پہلے پیپر لیک کرا دینا تھا۔ یہ لوگ بینک سے ہی گاڑی میں چڑھ گئے تھے، راستے میں گاڑی میں رکھے ہوئے اس باکس کے پیچھے لگے ہوئے قبضے کو پینچ کش سے اکھاڑ دینا تھا، جس میں پیپر رکھا تھا۔ اس کے بعد تمام چار سیٹ پیپر کی فوٹو چار الگ الگ موبائل فون سے کھینچ لیتے۔ پھر پیپر کو اسکالر کے ذریعے سالو کرایا جاتا اور پھر سوال نامہ اور جواب دونوں واٹس ایپ کے ذریعے وائرل کیا جاتا۔ فوٹوکھینچنے کے بعد ٹیپ لگا کر باکس کو بند کر دینا تھا۔ پیپرلیک کرانے کے اس ہائی ٹیک آئیڈیا کے استعمال سے پہلے سبھی پکڑے گئے۔ تاہم پولیس گینگ کے ماسٹر مائنڈ تک نہیں پہنچ پائی ہے جو فون پر اپنے گرگوں کو گائیڈ کر رہا تھا۔