نئی دہلی14اپریل(آئی این ایس انڈیا) اپنے ابتدائی میچ ہارنے کے بعد دہلی ڈیر ڈیولس اور کنگز الیون پنجاب آئی پی ایل کے میچ میں کل فتح کے ساتھ واپسی کرنا چاہتے ہیں۔گزشتہ سیشن میں سب سے نیچے کی ٹیموں میں رہے دہلی اور پنجاب کو مثبت آغاز کی امید تھی لیکن انہیں بالترتیب کولکاتہ نائٹ رائیڈرز اور گجرات لائنز نے شکست دی۔دہلی 2015سیشن میں ساتویں نمبر پر رہا تھا اور اس بار کامل مجموعہ کے ساتھ جیت کی راہ پر لوٹنا چاہے گا۔چمپئنز لیگ ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے دو بار کوالیفائی کر چکے ڈیر ڈیولس کے پاس ہندوستان کے انڈر 19ٹیم کے کوچ راہل دراوڑ جیسامینٹر اور پیڈی اپٹن جیسا کوچ ہے۔ان کے پاس ظہیر خان کے طور پر نیا کپتان بھی ہے جن پر ٹیم کو اچھی کارکردگی کے لئے حوصلہ افزائی کرنے کی ذمہ داری ہوگی۔کولکاتا کے خلاف دہلی کی ٹیم 17.4اوور میں 98رن پر آؤٹ ہو گئی اور اس کے صرف چار بلے باز ڈبل ہندسے تک پہنچ سکے۔ظہیر کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ کل ان کی ٹیم بہتر کارکردگی کرے۔ٹی 20ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کے خلاف آخری اوور میں مسلسل چار چھکے جڑنے والے کالریس بریتھویٹ توقعات پر کھرے نہیں اتر سکے۔وہیں ساڑھے آٹھ کروڑ میں خریدے گئے آل راؤنڈر پون نیگی کو بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔بلے بازی میں دہلی کیلئے صرف کونٹن ڈکاک(17)اور سنجو سیمسن(15)ہی ڈبل ہندسے تک پہنچ سکے۔ناتھن کولٹر نال، کرس مورس، امت مشرا اور ظہیر کی موجودگی میں بولنگ مضبوط لگ رہی ہے۔ظہیر نے پہلے میچ میں شکست کے باوجود کہا تھا کتہ یہ صرف ایک خراب دن تھا،ابھی سیشن کی شروعات ہوئی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم اچھا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے شخو ہوں،کھلاڑیوں نے زبردست توانائی کا مظاہرہ کیا۔وہیں دوسری طرف رنر اپ اور سیمی فائنلسٹ رہ چکی کنگز الیون پنجاب گزشتہ سال پوائنٹ ٹیبل میں سب سے نیچے رہی تھی۔اس سیشن میں ٹیم میں کوئی بڑا کھلاڑی شامل نہیں کیا گیا جبکہ اسٹار کھلاڑی وریندر سہواگ ریٹائر ہو چکے ہیں۔ان کے پاس آسٹریلیا کے جارج بیلی کی جگہ جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کے طور پر نیا کپتان ہے۔