ممبئی،25اپریل(پی ایس آئی)بالی ووڈ کے سپرسٹار سلمان خان ان دنوں اپنی فلم ’’سلطان‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ یہ فلم ایک معروف ریسلر کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے اور اس میں سلمان خان اس ریسلر کا کردار نبھا رہے ہیں جبکہ ان کے مقابل انوشکا شرما ہیروئن کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا نے اس فلم کے سیٹ سے ایک انتہائی دلچسپ خبر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق بظاہر انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک سلمان خان اندر سے اتنے ہی نرم دل واقع ہوئے ہیں۔ وہ گزشتہ دنوں فلم کے سیٹ پر آبدیدہ ہو گئے اور کوشش کے باوجود اپنے آنسوں کو بہنے سے نہ روک سکے۔ سلمان کے رونے کی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ ان دنوں وہ اس فلم کے ایک گانے ’’جگ گھومیا‘‘کی عکسبندی کروا رہے ہیں، اور اس فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو پوری دنیا گھومتا ہے مگراسے کہیں سکون نہیں ملتا۔ بالآخر اسے سکون ملتا ہے تو خود اس کی اپنی ذات کے اندر۔اخبار نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ گانے کی عکسبندی کے بعد سلمان خان رونے لگے اور کافی دیر تک کسی سے کوئی بات نہ کی اور اپنے ہی خیالوں میں کھوئے رہے۔رپورٹ کے مطابق عوام کو سلمان خان کی اس نئی فلم ’’سلطان‘‘ کا بڑی بے صبری سے انتظار ہے۔ ٹائمز آف انڈیا نے اس فلم کی کہانی کے متعلق بھی قارئین کو قدرے آگاہ کیا ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ دراصل سلمان خان اس فلم میں ایک رشوت خور سرکاری افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو رشوت خوری میں یکتا ہوتا ہے اور کسی کو بھی معافی نہیں دیتا۔ پھر اس کا ایک بچے سے سامنا ہوتا ہے اور ایک حادثہ ہوتا ہے جو اس کرپٹ افسرکی سوچ ہی تبدیل کر دیتا ہے اور وہ یہ نوکری چھوڑ کر ریسلر بن جاتا ہے۔
اداکاری کرتے کرتے ایک سین ایسا آگیا کہ سلمان خان واقعی روپڑے
