ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائر:ہیراتھ

کولمبو،18 اپریل (پی ایس آئی) سری لنکا کے سپنر رنگنا ہیراتھ نے محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔38 سالہ ہیراتھ نے اپنے کریئر کے دوران 71 ایک روزہ کرکٹ میچ کھیلے جن میں انھوں نے 74 وکٹیں لیں جبکہ وہ 17 ٹی 20 میچوں میں 18 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ہیراتھ کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ہیراتھ کو مرلی دھرن اور چمندا واس کے بعد سری لنکا کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے تیسرا بولر بننے کے لیے صرف تین وکٹیں درکار ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں ہیراتھ نے سری لنکن ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ سنہ 2012 اور سنہ 2014 میں ایک سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بولر رہ چکے ہیں۔وہ کرکٹ کی تاریخ میں بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے واحد بولر ہیں جس نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں نو وکٹیں حاصل کی ہیں۔انھوں نے یہ اعزاز اگست 2014 میں پاکستان کے خلاف کولمبو میں حاصل کیا تھا جہاں انھوں نے 127 رنز کے عوض نو پاکستانی بلے بازوں کو پویلین بھیجا تھا۔