ویلنگٹن،6 اپریل (پی ایس آئی)نیوزی لینڈ کے دو ریڈیو پریزینٹروں کوانگلینڈ کے کرکٹ کھلاڑی بین سٹوکس کی والدہ کی فون کال نشر کرنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔بین سٹوکس کی والدہ کی کال ریڈیو پر اس وقت نشر ہو گئی جب ریڈیو پریزینٹرز کے خیال میں وہ آف ایئر تھیں۔انگلش کرکٹر کی والدہ ڈیبرا سٹوکس نے اپنے بیٹے پر ہونے والی تنقید پر شکایت کرنے کے لیے کال کی تھی۔خیال رہے کہ رواں ماہ تین اپریل کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیموں کے درمیان انڈیا کے شہر کولکتہ میں کھیلے جانے والے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کارلوس بریتھویٹ نے انگلینڈ کے بولر بین سٹوکس کو ٹی 20 کے فائنل میں چار گیندوں پر لگا تار چار چھکے مارے تھے۔جب بین سٹوکس کی والدہ نے کال کی تو اس وقت نیوزی لینڈ کے دو ریڈیو پریزینٹرز اسی میچ پر تبصرہ کر رہے تھے۔ریڈیو پریزینٹرز نے ڈیبرا سٹوکس کو بتایا کہ وہ آف ایئر ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کے (پریزینٹرز) کے ’ذاتی حملے‘ کی وجہ سے ’برہم ہیں۔‘ڈیبرا سٹوکس نیوزی لینڈ میں رہتی ہیں اور بین سٹوکس نیوزی لینڈ میں ہی پیدا ہوئے تھے۔ڈیبرا سٹوکس کا مزید کہنا تھا: ’مجھے نہیں معلوم کہ انھیں اس بات کا احساس ہے کہ بین سٹوکس نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے اور ان کے خاندان کے دیگر افراد پورے ملک میں بستے ہیں۔‘دوسری جانب نیوزی لینڈ کے میڈیا اور انٹرٹینمینٹ کے ترجمان نے ریڈیو پریزینٹروں کی حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کو معطل کر دیا گیا ہے۔