جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں مودی:سونیاگاندھی

کیننگ، 26؍اپریل(آئی این ایس انڈیا) کانگریس صدرسونیاگاندھی نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی جمہوریت اورتکثیریت کیلئے ’’خطرہ‘‘ہیں اور پہلے نہیں ہوئی چیزوں کیلئے گزشتہ حکومتوں پر ٹھیکرا پھوڑنا دونوں کی ’’عادت‘‘ہے۔ایک انتخابی ریلی میں سونیا نے کہاکہ مودی اور ممتا کا اتحاد بنگال کے لئے خطرہ ہے۔یہ دونوں طاقتیں، غلط سے بھری ہوئی ہیں اورجمہوریت کے لئے خطرہ ہیں۔مودی حکومت جس طرح برتاؤ کر رہی ہے، وہ ہمارے ملک کی اصل روح کے لئے خطرہ ہے۔یہ سیکولر ازم، جمہوریت اور ہمارے ملک کی صدیوں پرانی ثقافتی ورثہ کے لئے خطرہ ہے. ” کانگریس صدر نے یہ بھی کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال کے لوگوں کو جھوٹی امیدیں دی تھی۔انہوں نے کہاکہ پانچ سال پہلے، ترنمول کانگریس نے آپ کو جھوٹی امیدیں دے کر اور جھوٹے وعدے کرکے آپ کے ووٹ مانگے تھے۔اب وہ آپ کو دہشت زدہ کر کے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،انہی کی طرح مودی نے بھی دو سال پہلے خواب دکھائے تھے۔سونیا نے کہا کہ جو چیزیں نہیں ہوئیں، اس کے لئے گزشتہ حکومتوں پر ٹھیکرا پھوڑنا مودی اور ممتا کی عادت ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی جی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس نے60سال میں کچھ نہیں کیا۔سب کچھ گزشتہ دو سال میں ہوا ہے۔میں کہناچاہتی ہوں کہ کانگریس نے آئینی ادارے بنائے، جمہوری ڈھانچے کو مضبوط کیا اور ملک کو ہر معاملے میں خود کفیل بنایا۔کانگریس نے امن اور بھائی چارگی کا ماحول پیدا کیا۔سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کے رکن سوزین چکرورتی نے سونیاکے ساتھ اسٹیج شیئرکیا۔کانگریس صدر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی پارٹی اور بایاں محاذ کو ووٹ دیں۔