اسلامی تاریخ : حضرت سمیہ
اسلام میں سب سے پہلے شہید ہونے والی خاتون حضرت سمیہؓ ہیں، جو حضرت عمارؓ کی والدہ اور حضرت یاسرؓ کی بیوی ہیں۔ یہ خاندان وہ ہے جس نے شروع ہی میں اسلام قبول کرلیا تھا۔ بنو مخزوم کے لوگوں نے غصہ میں آکر پورے خاندانِ یاسر پر ظلم کرنا شروع کردیا، یہاں تک کہ حضرت یاسرؓ کا انتقال ہوگیا۔ سمیہؓ کو ان کے شوہر یاسر اور بیٹے عمار کے ساتھ سزا دی جاتی اور کفار سزا دینے میں کوئی کسر نہیں رکھتے تھے۔ جب حضورﷺ کا گذر اس مظلوم خاندان پر ہوتا، تو حضورﷺ انہیں صبر کرنے کی تلقین فرماتے اور جنت کی بشارت دیتے۔ ایک مرتبہ اسی طرح ان تینوں کو سزا دی جارہی تھی کہ ابوجہل وہاں سے گزر ا اس نے حضرت سمیہؓ کو بہت بُری گالی دی اور نیزہ مارکر انہیں شہید کرڈالا یہ اسلام میں شہادت پانے والی پہلی خاتون ہیں۔