حیدرآباد27اپریل(آئی این ایس انڈیا)چوٹ پر قابو پانے کے بعد ٹیم میں واپس آئے سن رائزرس حیدرآباد کے تیز گیند باز آشیش نہرا نے کہا کہ وہ رائزنگ پونے سپرجاٹس کے خلاف مطلوبہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے لیکن موجودہ آئی پی ایل میں زیادہ میچ کھیل کر ان کی کارکردگی بہترہوتی جائے گی۔نہرا نے پنے سے ملی ہار کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ میں دو ہفتے بعد کھیل رہا تھا،جتنا زیادہ کھیلوں گا۔کارکردگی اتنی بہتر ہو گی،امید ہے کہ اگلے ہفتے مزید میچ کھیل کر کارکردگی بہتر ہو گی۔پہلے بالنگ کرتے ہوئے پونے نے سن رائزرس کو آٹھ وکٹ پر118رنز پر روک دیا۔جواب میں اس نے11او وورزمیں تین وکٹ پر94رنز بنا لئے تھے جب بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا،پونے نے ڈک ورتھ لیوس نظام سے 34رنز سے جیت درج کی۔نہرا نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اورغلطیوں سے سبق لے کر ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹی 20میچ میں ایسا ہو سکتاہے۔آپ نے کئی بار دیکھا ہوگا، ٹیمیں 200، 220رنز بناتی ہے اور اگلے میچ میں 120یا 130پر آؤٹ ہو جاتی ہے،یہ فارمیٹ ہی ایسا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک میچ ہارنے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کی ٹیم نے گزشتہ میچوں میں اچھی جیت درج کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک یا دو میچ ہارنے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ہم10بلے باز لے کر بھی اتر سکتے ہیں لیکن اس کے یہ معنی نہیں ہے کہ 200رنز بن جائیں گے، گیند بازوں کو بھی اچھی کارکردگی کرنی ہوگی۔