’سنگھ پریوار ترنگے کی جگہ ملک میں اپنا بھگواجھنڈا لہرانا چاہتا ہے

ہائی فائی سادھو سنتوں کی جائیداد کی تحقیقات کی جائیں:لالو پرساد

پٹنہ، 17؍اپریل (طارق حسن ) راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد نے کہا کہ جتنے بھی ہائی فائی سادھو سنت ہیں، ان کی جائیداد کی تحقیقات کی جائے۔باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے 125ویں یوم پیدائش کے موقع پر آرجے ڈی کے ریاستی صدر دفتر میں منعقدایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لالو نے بتایا کہ جتنے بھی ہائی فائی سادھو سنت ہیں ان کے اثاثوں کی تحقیقات کی جائے۔انہوں نے یوگا گرو بابا رام دیو کو دنیا اور ملک کا سب سے بڑا سرمایہ دار اور تاجر بتاتے ہوئے الزام لگایا کہ ماضی میں وہ خود ملائم سنگھ یادو کی تعریف کرتے تھے، بعد میں نریندر مودی اور بی جے پی کے پاس چلے گئے۔لالو نے سروپانند سرسوتی کے سائی کی پوجا کرنے کی وجہ سے خشک سالی پڑنے سے متعلق بیان کی تنقیدکی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو توڑنے اور نفرت پھیلانے والی بات کی جا رہی ہے اور کچھ لوگ بولتے ہیں کہ جس کو ملک سے محبت نہیں ہے وہ یہاں سے باہرچلے جائیں۔انہیں یہ بتانا چاہیے کہ انہوں نے یہ کس طرح اندازہ لگایا کہ کسی مخصوص شخص کو ملک سے محبت نہیں ہے۔لالو نے آسارام باپو اور ان کے بیٹے نارائن سائیں کے کارناموں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی بابا لوگوں کو گمراہ کرتے اور لوگوں کے مذہبی جذبات کا غلط استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے آر ایس ایس اور بی جے پی کے اقلیت ، دلت اور پسماندہ مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کولے کر کسی طرح لوگوں میں شک نہیں ہونا چاہیے ۔ملک میں عدم برداشت کو لے کرجاری تنازعہ کا ذکر کرتے ہوئے لالونے کہاکہ آر ایس ایس ترنگے کی جگہ پر اپنا بھگواجھنڈا لہرانے کا ارادہ رکھتاہے۔وزیراعظم نریندر مودی کے’ ’گرامودیہ سے بھارت اودیہ ‘‘مہم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر اور مایاوتی کا ووٹ توڑنے کے لیے وہ اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔بی جے پی کی طرف سے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر بھیم راؤ کا یوم پیدائش منانے پر طنز کرتے ہوئے لالو نے الزام لگایا کہ بی جے پی اورآرایس ایس’رنگا سیار‘بننے کے راستے پر چل رہے ہیں۔