ضلع مجسٹریٹ نے کی گیہوں پیداوار کی جانچ

پنڈول، 11اپریل (مزل سکری)۔ پنڈول بھوانی پور کے اراضی گاؤں میں گیہوں پیداوار کی جانچ کے لئے ضلع مجسٹریٹ گریور دیال سمیت کئی سینئر آفیسروں کی پوری ٹیم پہنچی۔ بھوانی پور باشندہ کسان شیوجی شاہ، للن راؤت، مشری لال یادوکے کھیت میں 10×5 فیٹ کی گھیرابندی کر فصل کٹنی کی۔ موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے گیہوں کی بالیوں سے دانا نکال کر جانچ کی۔ خراب موسم کے سبب گیہوں کی بالیوں میں صحتمند دانے کا نقصان نظر آیا۔ بگڑتے موسم کی مار جھیل رہے کسانوں نے اپنا درد ڈی ایم سے بیان کیا۔ کسانوں نے ڈیزل امداد کا فائدہ و زیرو ٹیلیج نظام کی سبسڈی ابتک نہیں ملنے سے متعلق شکایت آفیسروں سے کی۔ ساتھ ہی کسانوں نے یہ شکایت بھی کی کہ مٹی کی زرخیزی کی جانچ کے لئے ہر سال کسانوں کے کھیتوں سے مٹی تو بھیجی جاتی ہے، مگر آج تک جانچ کے بعد کسی بھی کسان کو یہ نہیں بتایا گیا کہ مٹی کی زرخیزی صلاحیت کیا ہے یا پھر اس کی زرخیزی صلاحیت کیسے بڑھائی جانی چاہئے۔ ضلع مجسٹریٹ نے یقین دہانی کرتے ہوئے کہاکہ سبسڈی و ڈیزل امداد کے مسئلہ کا ازالہ کرنے کا عمل ضلع میں چل رہا ہے۔وہیں علاقہ میں کسانوں کو سینچائی سمیت دیگر جس کسی مسئلہ کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ان سبھی مسائل سے ریاستی حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے ان کا ازالہ کرنے کا عمل جلد ہی کیا جائے گا۔ کرم کٹنگ ٹیم میں ضلع سے ضلع زرعی افسر ریوتی رمن جھا، صدر ڈویژنل صدر شاہد پرویز اور ضلع اعداد و شمار افسر آنند پرکاش پہنچے تھے جبکہ موقع پر بلاک ترقیات افسر وبھو وویک، سی او راجیو رنجن، بلاک زرعی افسر رام چندر مانجھی و ناگیندر کمار رائے، سکری تھانہ انچارج سنجے کمار جھا، پنڈول تھانہ انچارج روپک رنجن سنگھ، کسان صلاحکار رام پرتاپ ٹھاکر، سنجے ٹھاکر، محمد عنایت اللہ، سریندر پرساد و رام پریت شاہ، حلقہ کرمچاری رام جیون بھگت سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔ جبکہ گاؤں کے کھیت میں درجنوں سرکاری گاڑی و پولیس فورس کو دیکھ کر لوگ کئی طرح کے قیاس و چرچا کرتے رہے۔