دلی حکومت کے اس فارمولے سے اپوزیشن نظر آرہی ہے پریشان
نئی دہلی، 26اپریل ۔حکومت دہلی کے وزیر برائے خوراک رسدو ماحولیات عمران حسین نے روزنامہ تاثیر کے ایڈیٹر ڈاکٹر محمد گوہر سے دہلی سکریٹریٹ واقع اپنے چیمبر میں خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت آئی ہے تب سے لگاتار دہلی ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔ دہلی کے عوام کو جو بنیادی پریشانیاں سابقہ میں جو پریشانیاں لاحق تھیں ان کو عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دور کیا ہے اور پانی و بجلی جیسے مسائل کوختم کرکے دلی کو عالمی سطح کا کیپٹل سٹی بنانے میں اہم رول ادا کیاہے اور آگے بھی اس طرح کے منصوبے دہلی حکومت کے پاس موجود ہیں جن کو وہ عوام کے حق میں استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ دہلی حکومت کے ذریعہ طاق جفت فارمولہ لاگو کئے جانے سے دہلی کے عوام نے کافی راحت محسوس کی ہے۔ لیکن ہمارے ان سب کاموں سے اپوزیشن پریشان نظر آرہی ہے اور آئے دن ہماری حکومت کے خلاف دہلی کے عوام کو نئے نئے ایشوزدے کر سڑکوں پر اترنے پر مجبور کررہی ہے۔ لیکن دہلی کے عوام بہت ہی سمجھدار ہیں اور یہ ہمارے کام کاج کو دیکھ کر ہر سطح پر ہمارے کام کی تعریف کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے کہاکہ اپوزیشن کا کام ہے ہمارے کام کاج پر تنقید کرنا اور وہ تنقید کرتے ہی رہیں گے لیکن ہماری سرکار نے دہلی کے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ہم انہیں پورا کرنے کے لئے کمربستہ ہیں۔ روزنامہ تاثیر کو پڑھتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ آج کے دور میں اردو زبان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس میدان میں روزنامہ تاثیر ملک کی کئی ریاستوں میں اپنے ایڈیشن نکال کر اردو زبان کی بے بہا خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے تاثیرکے ایڈیٹر ڈاکٹر محمد گوہر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ روزنامہ تاثیر انتہائی معیاری ہے اور اس کے خبروں کا جو انتخاب ہے بہت ہی دلکش اور پُرجوش ہے اور پوری سچائی کے ساتھ تاثیر کام کررہاہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ روزنامہ تاثیر کوپڑھیں اور اسے دعاؤں سے بھی نوازیں تاکہ اردو کے فروغ میں روزنامہ تاثیر کی مہم کو مزید تقویت حاصل ہو۔