عوامی شکایات کے ازالہ میں کوتاہی برتنے والوں پر برسے اکھلیش یادو

لکھنؤ27 اپریل (آفاق عالم): وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت جن سنوائی پورٹل کے توسط سے شکایتوں کابہتر طریقے سے ازالہ اور دقتوں کے موثر حل کا انتظام کیا ہے۔ اس کام میں لاپروائی برتنے والے بہتر طریقے سے شکایتوں کا ازالہ نہیں کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے جن سنوائی نظام پر عوام کی شکایتوں کے ازالہ میں کوتاہی برتنے والے ایک ضلع مجسٹریٹ اور چار ضلعوں کے پولس کپتان سے جواب طلب کیا ہے۔ اس میں پیلی بھیت کے ضلع مجسٹریٹ اور فیض آباد، کاس گنج ، دیوریا اور بستی جن پد کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بروز بدھ اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جن سنوائی نظام کے تحت عوام کی شکایتوں کے ازالہ پر کی گئی کارروائی کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایتوں کے حل کی صورت پرکھنے کیلئے جلد ہی ریاستی سطح کے دفتر پر ان کے ازالہ کا تجزیہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شکایتوں کے فوری، موثر اور شفاف ازالہ کے مقصد سے سماجوادی حکومت اس سال جنوری سے ملک کے پہلے مربوط پورٹل جن سنوائی کا انتظام کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ انفورمیشن ٹکنالوجی کے ذریعہ حکومت کے نظام کو زیادہ شفاف اور موثر بنانے کے ساتھ ہی عوام کی امیدوں کو بہتر طریقے سے پورا کیا جاسکتا ہے۔