لالو پرساد کے ہاتھوں ایڈیفائی اسکول کا افتتاح

پٹنہ سیٹی 17 اپریل (ذوالقرنین): ڈھبل پورہ مرچا مرچی روڈ بائی پاس میں آج راشٹریہ جتنا دل کے قومی صدر لالو پرساد یادو نے ایڈیفائی اسکول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر لالو پرساد نے گارجین سے کہا کہ یہ اسکول اس علاقہ کا واحداسکول ہوگا جہاں آپ کے بچے کو غیر ممالک کی ٹیچرس تعلیم دیں گی۔ اس کے ساتھ ان کو کھیل کود کا بھی بہتر خیال رکھا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے گارجین کو یہ ہدایت بھی دی کہ اپنے اپنے بچوں کو موبائل کے ساتھ اسکول بھیجنے سے پرہیز کریں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ سے بھی درخواست کی کہ پڑھائی کے وقت موبائل فون کا استعمال بالکل ہی نہیں کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے انتظامیہ سے یہ بھی کہا کہ اسکول میں دس سے پندرہ فیصد غریب بچوں کو مفت تعلیم دینے کا انتظام ضرور کیا جائے۔ بچوں کو صاف پانی ملے ،اچھا ماحول ملے اس کیلئے بھی انتظامیہ کو کوشش کرنی ہوگی۔ افتتاحی تقریب میں ر اما نند یادو ایم ایل اے، بھولا یادو، امیش یادو وغیرہ شامل تھے۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے کویتا جین، محترمہ گپتا ایس ڈائرکٹر رویندر کمار، چیئرمین ڈاکٹر روی شنکر کمار، پیوش کمار وغیرہ موجود تھے۔