لوگوں کو اب بھی ’’اچھے دن‘‘کا انتظار ہے:اکھلیش یادو

الہ آباد23اپریل(آئی این ایس انڈیا) مرکز کی بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج کہا کہ لوگوں کو اب بھی ’’اچھے دن‘‘کا انتظار ہے جس کا وعدہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دو سال پہلے ہوئے لوک سبھا انتخابات کے دوران کیاتھا۔یادو نے کہا کہ اتر پردیش کے لوگوں کو ہوشیار رہنا چاہئے۔بی جے پی اور بی ایس پی جلداپنے طویل وسیع وعدے اورسماج وادی پارٹی کی حکومت کے خلاف غلط الزامات کے ساتھ آئیں گے کیونکہ وہ لوگ اس کی مقبولیت کو لے کرفکرمندہیں۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ لوگوں کو موجودہ حکومت کے تحت ہوئی بے مثال پیش رفت کے بارے میں معلومات ہو تاکہ آپ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے نہیں بہکائے جائیں۔وزیر اعلیٰ ضلع کے دادپور گاؤں میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے جہاں انہوں نے200کروڑ روپے کی منصوبہ بندی کا آغاز بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ میں آپ سے کہتا ہوں کہ خاص طور پر بی جے پی کے پروپیگنڈہ سے آگاہ رہیں۔انہوں نے2014میں اچھے دن کے نعرے سے آپ کو چت کردیا اور آپ کی حمایت سے انہیں ہماری ریاست سے سب سے زیادہ نشست ملی۔یادونے کہاکہ اب یہ پوچھنے کا وقت آگیا ہے کہ اچھے دن کہاں ہیں،اپنے ارد گرد دیکھنے کی ضرورت ہے اور خود دیکھیں کہ کیا مقامی بی جے پی ایم پی اپنے علاقے میں اچھے دن کی ایک جھلک بھی لا سکا ہے۔مایاوتی کا نام لئے بغیر یادو نے کہا کہ بی ایس پی لیڈرجب اقتدار میں تھیں توپارک، بتوں اور یادگاروں پر خرچ کرنے کے علاوہ انہوں نے زیادہ کچھ نہیں کیا۔