پارلیمنٹ کے رواں سیشن کے تئیں وزیراعظم مطمئن

نئی دہلی، 25 اپریل (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام جماعتوں کے اراکین جوش و خروش اور پوری امنگ کے ساتھ جمہوریت کی صحت مند روایات کی پاسداری کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں تمام امورپر مثبت بحث کریں گے اور اس سیشن میں بھی اچھے فیصلے ہوں گے۔ مسٹر مودی نے آج سے شروع ہو رہے سیشن میں حصہ لینے سے پہلے پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا،’’پارلیمنٹ کا اہم ترین سیشن اپنے آخری دور کے لئے آج شروع ہو رہا ہے۔ اس سیشن کا، جو پہلا مرحلہ تھا وہ بہت ہی مفید رہا۔ تمام جماعتوں نے پارلیمنٹ کو بہت ہی بہتر طریقے سے چلانے کی کوشش کی اور کافی اہم فیصلے بھی ہوئے ہیں‘‘۔