پاکستان میں پچوں اور کرکٹ کی سطح سے خوش نہیں ہیں: انضمام

کراچی23اپریل(آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق فیصل آباد میں چل رہے اعلی گھریلو ایک روزہ ٹورنامنٹ میں استعمال کی جا رہی پچوں اور اس میں کرکٹ کی سطح سے خوش نہیں ہیں۔حال ہی میں پاکستان کے نئے چیف سلیکٹر بنے انضمام نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کیلئے اسپورٹنگ پچیں بنے۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس طرح کی پچوں سے اچھے کرکٹر نکلیں گے،پچوں پر بولنا میرا کام نہیں ہے لیکن ہر فارمیٹ میں اچھے کرکٹر پیدا کرنے میں پچوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔انضمام نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کی پچوں پر بلے بازوں کوا سٹروک کھیلنے میں آسانی ہونی چاہیے اور یہ بلے بازوں اور گیند بازوں دونوں کی مددگار ہونی چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کو بھی گھریلو کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ سلیکٹرز کا کام مشکل ہو۔