بہار ریاستی حج کمیٹی کے زیر اہتمام ریاست کے تمام اضلاع کے ٹرینرس حضرات کی نشست منعقد
پٹنہ، 26اپریل (طارق حسن)۔ بہار ریاستی حج کمیٹی کے زیر اہتمام ریاست کے تمام اضلاع کے ٹرینرس حضرات کی نشست منعقد ہوئی ۔ نشست کا آغاز محمد احسان اقبال صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جب کہ نشست کی غرض و غایت اور مہمانوں کا استقبال ریاستی حج کمیٹی کے چیف ایکزکیوٹیو افیسر محمد راشد حسین نے کیا۔ ریاست بہار سے جانے والے عازمین کرام کو اچھی طرح تربیت دینے اور اُنہیں حج کے پورے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے نیز حج کے مناسک وافعال کو مکمل پورا کرنے کے لئے علماء کرام ، ٹرینرس حضرات نے مخصوص انداز میں تربیت فرمائی۔ امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی سہراب ندوی، معزز رکن، بہار ریاستی حج کمیٹی نے ریاست کے اضلاع سے آئے ہوئے ٹرینرس حضرات سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ حج ایک ایسی عبادت ہے جس کا موقع زندگی میں بار بار نہیں آتا ۔ لاکھوں خرچ کرنے کے بعد اور سفر کی مشقتوں کو برداشت کرکے بھی حج کی مقبولیت سے محروم رہ جاتے ہیں اُنکا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حاضری ، مقامات مقدسہ کی زیارت اور واپسی پر زم زم کھجور کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہوتا۔ اس کے لئے ہر عازم حج کو مکمل تربیت پا کر ہی سفر حج کرنا چاہئے۔ اُنہوں نے مشورہ دیا کہ ٹرنیرس حضرات اپنے اپنے ضلع بلاک سے لیکر گاؤں تک ٹریننگ کا ایسا نظام بنائے جس کا پیغام گھر گھر تک پہنچا یا جائے ۔ اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد فقیر باڑہ کے خطیب و امام الحاج مولانا عتیق اللہ قاسمی نے فرمایا کہ ٹریننگ کا سلسلہ فوری طور پر شروع کیا جا نا چاہئے اور علاقہ میں علماء اور امام کی ذمہ داری ہے کہ وہ عازمین کو تربیت یافتہ بنا کر ہی اس سفر ے مقدس کے لئے روانہ کریں۔ جماعت اسلامی ہند کے مقامی امیر مولانا رضوان اصلاحی نے ٹرینرس حضرات کی اس نشست کا خیر مقدم کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ تسلل کے ساتھ ٹرینگ کا عمل گاؤں گاؤں تک اور دیر تک کرتے رہے ۔ اُنہوں نے خصوصاََ خواتین کی ٹرینگ پر زور دیا۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ مناسک حج کے علاوہ دیگر ضروری احتیاتی تدابیر کے لئے بھی مشک کرائے جائیں ۔ جامع مسجد کوتوالی کے خطیب و امام مولانا ثناء المصطفے نوری نے ٹرنیرس حضرات پر زور دیا کہ بہت زیادہ دعائیں رٹانے کے بجاء مخصوص دعاء اور درود شریف یاد کرنے کی مشک کی جائے۔ ریاستی حج کمیٹی کے معزز رکن مفتی قمر نسیم نے عازمین کی تربیت کو ملت کے ہر فر دکی ذمہ داری بتاتے ہوئے فرمایا کہ سامان سفر اور حج کے بعد کے عمل کو باقی رکھنے پر زور دیا اور فرمایا کہ نہایت بدنصیبی ہے کہ لوگ حرمین شریفین جانے کے باوجود اپنے اپنے ہوٹلوں کے پاس کی مسجدوں میں اور اپنے کمروں میں نماز ادا کر لیتے ہے اور بہت بڑی سعاد ت و ثواب سے محروم رہ جاتے ہیں۔ جامع مسجد دریاپور کے امام و خطیب مولانا محمد عالم قاسمی نے فرمایا کہ حج سے واپس آنے والے حجاج کرام اور خادم الحجاج کو بھی آئندہ جانے والے حاجیوں کی تربیت کرتے ہوئے اُنہیں حج میں ہونے والے دشواریوں کا آسان حل بتانا چاہیے۔ اس موقع سے مدرسہ صوت القران داناپور کے ناظم مولانا ایوب نظامی نے مرکزی حج کمیٹی کی ذریعہ دی جانے والی ٹرینگ کے خلاصے کو پیش کرتے ہوئے مناسک حج کی صحیح ادائیگی اور سامان سفر زاد سفر کے سلسلے میں فرمایا کہ مکہ اور مدینہ ہر جگہ ہوٹلوں میں بہت آسان اور بڑا معقول انتظام ہے۔ ٹرنیرس حضرات حاجیوں کو ایسی تربیت دیں کے وہ اپنے سامان سفر کو کم سے کم کرکے اپنے لئے آسانیاں پیدا کریں۔ اُنہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا ، ریاستی حج کمیٹی، کونسل جدہ وغیرہ کے الگ الگ ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے حادثات اور حالات سے نپٹنے کے سلسلے میں خاکا پیش کیا ۔ اس موقع سے تنظیم تحریک ائمہ مساجد بہار کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا حکیم محمد شبلی قاسمی نے مرکزی حج کمیٹی کی تربیت کی روشنی میں ٹرینرس حضرات کو مفید مشورے اور کارآمد طریقے بتاتے ہوئے فرمایا کہ عازمین حج اگر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سفر حج کریں گے تو یہ سفر نہایت آسان ہو جائیگا۔ریاستی حج کمیٹی کے صدر حافظ محمد الیاس عرف سونو بابو نے اپنے کلیدی خطاب میں ٹرینرس حضرات پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقہ میں فہرست سازی کر کے ریاستی حج کمیٹی کے تعاون سے ٹرینگ کیمپ منعقد کریں اگر ایک سے زائد بار بھی ٹرینگ کی ضرورت ہو تو اُس سے گریز نہ کریں اور عازمین کو زیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ بنا کر اس مقدس سفر کے لئے روانہ کریں ۔ اُنہوں نے فرمایا کہ ریاستی حج کمیٹی بہت جلد ریاست گیر مہم چلا کر ہر ضلع میں ٹرینگ کیمپ لگائے گی اور اس کی اطلاع بذریعہ اخبار ات عام لوگوں تک پہنچائی جایگی تاکہ ریاست کے تمام عازمین حج کمیٹی کے مہم سے استفادہ کر سکیں۔ اُنہوں نے گذشہ تجربات کی روشنی میں فرمایا کہ پہلے سے جہاں جہاں ٹرینگ کیمپ منعقد ہوتے چلے آ رہے ہیں ضرورت پڑی تو مزید نئے سنٹر بنائے جائینگں۔نشست کے اخیر میں چیف ایکزکیوٹیو افیسر محمد راشد حسن نے آج کے نشست کو کامیاب بنانے کے لئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُنہیں آئیندہ بھی تعاو دینے اور بہتر سے بہتر انتظام کرنے میں ساتھ دینے کی گذارش کی۔ مولانا ایوب نظامی قاسمی کی دعاء پر نشست کا اختتام ہوا۔