ہندستان ہمارامحبوب ہے معبود نہیں ہے: شاہی امام

ہندستان ہمارامحبوب ہے معبود نہیں ہے: شاہی امام
نئی دہلی، 2 اپریل (سید شمیم)ہندستان مسلمانوں کا محبوب ہے معبود نہیں ہے اور جو لوگ ایک مخصوص نعرہ لگانے کی وکالت کررہے ہیں وہ شرک کے مرتکب ہورہے ہیں۔اس استدلال کے ساتھ شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے آج کہا ہے کہ آر ایس ایس کے سربراہ کا مخصوص نعرہ لگانے سے متعلق بیان صرف مسلمانوں سے متعلق نہیں تھالیکن ایک مسلم ممبر پارلیمنٹ کے ’’غیر ضروری بیان‘‘ نے اسے ہندومسلمان کا سوال بنا دیا جوکسی صورت میں بھی ہندوستانی مسلمانوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ مولانابخاری نے کہاکہ مذہبی عقیدے کے تعلق سے کوئی بھی بحث ناقابل قبول ہے اور مخصوص نعرے پر حال ہی میں جاری فتویٰ غیر ضروری اور غیر مناسب ہے۔ دارالعلوم دیوبند کو فتویٰ لینے والے کی نیت اور منشاء کو ذہن میں رکھنا چاہئے تھا۔ جمعیۃعلماء ہند کے صدر مولاناسیدارشدمدنی کے اس بیان پر کہ ’’ ہندوستان زندہ باد اور بھارت ماتاکی جے میں کوئی فرق نہیں ہے‘‘ (باقی صفحہ 7 پر)
اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مولانابخاری نے کہاکہ مولانا مدنی کو پہلے دارالعلوم دیوبندکافتوی مسترد کرناچاہئے اور پھر مخصوص نعرہ لگانے کا کھلم کھلا اعلان کرناچاہئے۔ مولانابخاری نے مزید کہاکہ جو لوگ خود کو زیادہ محب وطن اور زیادہ سیکولر ثابت کرنے کیلئے ایسے الٹے سیدھے بیان دے رہے ہیں جن کا نہ تو اسلام سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی مسلمان ایسی باتیں پسند کرتاہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *