نئی دہلی23اپریل(سیدشمیم) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یوگا کی شناخت کسی مذہب کے ساتھ جوڑ کر نہیں کی جا سکتی اور جو لوگ اس طرح کی سوچ رکھتے ہیں، ان میں سنجیدگی، ہم آہنگی اور توازن کی کمی ہے۔وزیر نے کہا کہ یوگا کی ایک عالمی اپیل ہے اور 66مسلم ممالک سمیت 170سے زائد ممالک نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بین الاقوامی یوگا دوس پر اس تجویز کی حمایت کی ہے۔سنگھ نے کہا کہ کبھی کبھی لوگ یوگا کے بارے میں بحث کرتے وقت کہتے ہیں کہ یہ ایک مذہب سے منسلک ہے،یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ دنیا کی سب سے بڑی تنظیم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عیسائی، یہودی اور پارسی ممالک کے علاوہ 66مسلم ممالک نے اس کی حمایت کی۔اقوام متحدہ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ ایک تجویز کو اس طرح کی وسیع حمایت ملی ہے۔دوسرے بین الاقوامی یوگا دوس کے موقع پر منعقد ہ بین الاقوامی یوگا فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ کامیابی وزیر اعظم نریندر مودی کے نقطہ نظر کی بدولت ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگا تمام مذاہب سے باہر ہے،یوگا کی پریکٹس سے جسم، شعور اور روح کے درمیان ہم آہنگی، توازن اور یکجہتی حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس کی صرف ثقافتی پہچان ہے نہ کہ مذہبی،جو لوگ ایسا سوچتے ہیں، ان میں ہم آہنگی، توازن اور یکجہتی کی کمی ہے۔
یوگا کو کسی مذہب سے نہیں جوڑاجاسکتا:راج ناتھ سنگھ
