ممبئی،25 مئی(پی ایس آئی)بولی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما آجکل اپنی نئی آنے والی فلم ’’سلطان‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سلطان میں پہلوانی ، کھیتی باڑی اور ٹریکٹر چلانے کے علاوہ گوبر کے اوپلے تھاپتی بھی نظر آئیں گی۔علی عباس ظفر کی سلطان میں انوشکا شرما سپر اسٹار سلمان خان کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔ اداکارہ سلطان میں اپنے کردار کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے باقاعدہ مارشل آرٹس اور پہلوانی کی تربیت لے چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق جب اداکارہ کو فلم کی ڈیمانڈ کے مطابق اوپلے تھاپنے کیلئے کہا گیا تو انھوں نے بلا حیل و حجت گوبر کے اوپلے تھاپنے کیلئے رضامندی کا اظہار کیا۔فلمسازوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے مذکورہ مناظر کی خوشی سے عکس بندی کراکے فلم میں اپنے انتخاب کو درست ثابت کردیا ہے۔واضح رہے انوشکا شرما اور سلمان خان کی سلطان رواں سال عید الفطر کے موقع پر نمائش کیلئے پیش کی جائیگی۔