پٹنہ، 21مئی (طارق حسن)۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج بھوان بدھ کی 2560 ویں جینتی کے موقع پر بدھ اسمرتی پارک میں منعقد خاص پروگرام میں بھگوان بدھ کی پوجا ارچنا کی۔ وزیر اعلیٰ نے بدھ اسمرتی پارک میں بھگوان بدھ اور بودھی درخت کی پوجا ارچنا کی۔ انہوں نے بودھ عقیدتمندوں کے ساتھ بیٹھ کر عالمی امن اور ریاست و ملک کے سکھ، خوشحالی اور امن و چین کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے وپشینا کیندر میں بھی جاکر میڈیٹیشن کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پہلی بار وپشینا کے کسی پروگرام میں حصہ لے رہا ہوں۔ یوگ سے میرا پہلے سے لگاؤ ہے۔ آج یہاں میڈیٹیشن کر مجھے اچھا لگا۔ یہاں بالکل آسان طریقے سے دھیان کرنے کا سبق دیاجارہاہے، جو میں نے محسوس کیا کہ بہت موثر اور آسان ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھگوان بدھ کی 2550 ویں جینتی کے موقع پر بدھ اسمرتی پارک کی تعمیر کا فیصلہ لیا گیا تھا۔ بدھ اسمرتی پارک واقع پاٹلی پتر کرونا اسمرتی میں 6 ممالک سے حاصل باقیات رکھے گئے ہیں۔ ان باقیات کو بہت آسانی سے آزادانہ طور پر مہیا کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2009 میں اس کی تعمیرمکمل ہوئی اور اس کا افتتاح دلائی لامہ کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ بدھ اسمرتی پارک میں لگائے گئے بودھی درخت میں سے ایک بودھ گیا سے لایا گیا ہے اور دوسرا سری لنکا کے انورادھا پورم سے لایا گیا ہے۔ دونوں بودھی درختوں کے بیچ بھگوان بدھ کی مورتی قائم کی گئی ہے۔
بدھ پورنیما کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے کی پوجا ارچنا
