بٹلہ ہاؤس معاملے میں اپنی بات پر ہوں قائم:دگ وجے

نئی دہلی، 24 مئی (یواین آئی) دہلی میں بٹلہ ہاؤس مڈبھیڑ معاملے میں ملوث رہے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت کا ویڈیو سامنے آنے کے باوجود اس مڈبھیڑکو فرضی بتانے والے کانگریس جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے آج کہا کہ اس واقعہ کے بارے میں وہ اپنی بات پر اب بھی قائم ہیں ۔ شدت پسند تنظیم داعش نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں دو کی شناخت دہلی میں 2008 میں ہوئی بٹلہ ہاؤس مڈبھیڑ کے مشتبہ افراد کے طور پر ہوئی ہے ۔ یہ دونوں انڈین مجاہدین کے رکن ہیں۔ مسٹر سنگھ نے یہ ویڈیا جاری ہونے کے بعد ایک ٹی وی چینل کو دیے انٹرویو میں کہا، “میں شروع سے کہتا آ رہا ہوں کہ بٹلہ ہاؤس مڈبھیڑ فرضی تھی اور آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں۔ اب معاملے کی تحقیقات کرنے والی ایجنسیوں کو ثابت کرنا ہے کہ حقیقت کیا ہے ۔ ” کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ وہ اس مڈبھیڑ کو فرضی اس لئے مانتے ہیں کہ کسی کے سر پر اوپر سے پانچ گولی نہیں ماری جا سکتی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے وہ اس معاملے شکوک شبہات ظاہر کر رہے ہیں اور انہوں نے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کی مانگ کی تھی۔ ویڈیو کے عام ہونے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس جنرل سکریٹری پر شدید حملہ شروع کر دیا ہے ۔ بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی نے اس معاملے پر کانگریس سے ملک کے عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ۔