کولکتہ،14 مئی(پی ایس آئی)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر ساروو گنگولی نے کہا کہ وہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے صدر کے عہدے کیلئے درکار اہلیت کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔سابق صدر ششانک منوہر نے منگل کو بی سی سی آئی کی صدر سے استعفیٰ دے دیا تھا اور انہیں آئی سی سی کا پہلا آزاد چیئرمین منتخب کر لیا گیا لیکن ان کے مستعفی ہونے کے بعد سے بورڈ نئے صدر کی تلاش میں سرگرداں ہے۔گزشتہ سال 15 اکتوبر کو بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر بننے والے گنگولی کو بی سی سی آئی کی صدارت کے عہدے کا اہل بننے کیلئے کم از کم تین سالانہ جنرل اجلاسوں میں شرکت لازمی تھی۔گنگولی نے اپنی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میرا نہیں خیال میں اس عہدے کیلئے درکار اہلیت پر پورا اترتا ہوں کیونکہ مجھے ابھی بنگال کرکٹ ایسویس ایشن کا صدر بنے بھی محض چھ سات ماہ ہوئے ہیں۔اس موقع پر اگلے صدر کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے، یہاں متعدد تجربہ کار لوگ موجود ہیں جو اس عہدے پر فائض ہو سکتے ہیں، میں اس بارے میں نہیں سوچ رہا۔گنگولی گزشتہ دنوں اس وقت خبروں کی زینت بن گئے جب انہوں نے سلیکٹرز سے مہندرا سنگھ دھونی کو قیادت سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔سابق کپتان نے کہا تھا کہ سلیکٹرز کو اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی ضرورت ہے کہ آیا وہ دھونی کو 2019 ورلڈ کپ میں ہندوستان کی قیادت کرتے ہوئے دیکھ رہیہیں، اگر اس کا جواب نفی میں ہے تو پھر وہ نیا کپتان تلاش کریں۔
بی سی سی آئی صدر بننے کا اہل نہیں: گنگولی
