سری نگر ، 17 مئی (یو ا ین آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بیخ کنی اور ریاستی مفادات کی سودا بازی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے ریاست اور ریاستی عوام کے تحفظ کے لئے ماضی میں بے شمار قربانیاں پیش کیں ہیں اور یہ جماعت مستقبل میں بھی کوئی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کرے گی۔ فاروق عبداللہ نے منگل کے روز یہاں اپنے پارٹی ہیڈکوارٹر پر حلقہ انتخاب سونہ وار کے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں کے علاوہ معزز شہریوں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقعے پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں فرقہ پرستوں کا غلبہ ہے ، یہ وہی فرقہ پرست ہیں جو جموں وکشمیر کی انفرادیت اور اجتماعات کے لئے ہمیشہ سازشوں کے جال بُھنتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ایک جُٹ ہوکر فرقہ پرستوں سے ریاست جموں وکشمیر کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کریں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ اقتدار نیشنل کانفرنس کی منزل نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا اور عوامی مفادات کے لئے ہر قربانی پیش کرنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار نیشنل کانفرنس کے لئے صرف عوامی خدمت کا ایک ذریعہ ہے ۔ این سی صدر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کئی بار اقتدار کو لات ماری ہے اور کرسی پر عوامی مفادات اور ریاستی سالمیت کو ترجیح دی۔
جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بیخ کنی کی اجازت نہیں دی جائے گی: فاروق عبداللہ
