حکومت کو بدنام کرنے کیلئے ماحول بگاڑ سکتے ہیں فرقہ پرست :اکھلیش

بدایوں، 23مئی (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج کہا کہ سماج وادی پارٹی حکومت کو بدنام کرنے کے لئے سماج دشمن عناصر ریاست میں فرقہ وارانہ ماحول خراب کرسکتی ہیں۔مسٹر یادو نے آج یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو سماج وادی پارٹی حکومت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت راس نہیں آرہی ہے ۔ اگلے سال ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے یہ طاقتیں حکومت کو بدنام کرنے کی سازش تیار کررہی ہیں ۔ عوام کو ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے اور ان کا منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ مخالف طاقتیں کچھ بھی کرلیں ، اترپردیش میں پھر سماجی وادی پارٹی کی حکومت بنے گی ۔ سماج وادی پارٹی نے ہمیشہ دلوں کو جوڑنے کا کام کیا ہے ۔ ہماری حکومت نے ریاست میں ترقی کو نئی رفتار دی ہے ۔