دھون اور نہرا کے طوفان سے حیدرآباد چوٹی پر

وشاکھاپٹنم، 08 مئی (یو این آئی) سلامی بلے باز شکھر دھون کی ناٹ آؤٹ 82 رنز کی آتشي اننگز اور بائیں ہاتھ کے تیز بولر اشیش نہرا (15 رن پر تین وکٹ) کی خطرناک گیند بازی سے سنرائزرس حیدرآباد نے گزشتہ چمپئن ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل نو مقابلے میں اتوار کو 85 رنز سے شرمناک شکست دے کر ٹیبل میں سرفہرست مقام حاصل کر لیا۔حیدرآباد نے تین وکٹ پر 177رن کا مشکل اسکور بنانے کے بعد ممبئی کے چیلنج کو 16.3 اوور میں 92 رن پر آؤٹ کر دیا۔نہرا نے آغاز میں تین وکٹ لے کر ممبئی کو ایسا جھنجھوڑا کہ گزشتہ چمپئن ٹیم آخر تک سنبھل نہیں پائی۔نہرا نے ممبئی کے کپتان روہت شرما (پانچ)، امباتی رائیڈو (چھ) اور جوس بٹلر (دو) کے وکٹ لے کر ممبئی کا بینڈ بجا دیا۔شکھر نے 57 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 82 رنز کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔انہوں نے آل راؤنڈر یوراج سنگھ (39) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 8.1 اوور میں 85 رن کی قیمتی شراکت کی۔یوراج نے 23 گیندوں پر 39 رنز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے ۔یوراج ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے اور آئی پی ایل نو میں اس انداز میں آؤٹ ہونے والے وہ پہلے بلے باز بنے ۔ممبئی کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر اور شکھر نے اپنی ٹیم کو زبردست شروعات دی اور پہلے وکٹ کے لئے 9.5 اوور میں 85 رن کی ساجھے داری کرڈالی ۔وارنر نے تابڑ توڑ اسٹائل میں کھیلتے ہوئے 33 گیندوں پر 48 رنز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ان کی بدقسمتی رہی کہ وہ اپنی نصف سنچری بنانے سے دو رن سے چوک گئے ۔وارنر کو آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے کیرون پولارڈ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ہربھجن نے پھر کین ولیمسن (دو) کو بھی فوری طور نمٹا دیا لیکن اس کے بعد چوٹی اور یوراج نے شاندار شراکت کی۔شکھر نے اپنی نصف سنچری 43 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔شکھر کی ٹورنامنٹ میں یہ تیسری نصف سنچری تھی۔اس آئی پی ایل میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہے یوراج نے اپنی پرانی تال کے ساتھ بلے بازی کی۔گزشتہ میچ میں صرف پانچ رنز پر آؤٹ ہونے والے یوراج نے پولارڈ اور ٹم ساؤتھی کی گیند پر دو شاندار چھکے اڑایے ۔اننگز کے آخری اوور میں یوراج تیز گیند باز مشیل میک کلینگن کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں زیادہ بیک فٹ پر چلے گئے اور بیٹ ا سٹمپ پر مار کر ہٹ وکٹ ہوگئے ۔وہ آئی پی ایل میں ھٹ وکٹ ہونے والے پانچویں بلے باز بنے ۔حیدرآباد نے آخری پانچ اوورز میں 61 رنز بٹورے اور صرف ایک وکٹ گنوایا۔ممبئی کے لئے ہربھجن نے 29 رن پر دو وکٹ اور میک کلینگن نے 38 رن پر ایک وکٹ لیا۔ممبئی کا اپنے نئے گھریلو میدان وشاکھاپٹنم میں یہ پہلا میچ تھا اور اسے اپنا نیا گھریلو میدان راس نہیں آیا۔ممبئی نے پہلے اوور میں پارتھیو پٹیل (صفر) کو گنوایا۔پٹیل کا وکٹ بھونیشور کمار نے لیا۔نہرا نے تین وکٹ لے کر پھر ممبئی کی کمر توڑ دی۔رہی سہی کسر موئسس ہینرکس نے کیرون پولارڈ (11) کو آؤٹ کر کے پوری کر دی۔ممبئی نے اپنے پانچ وکٹ پانچویں اوور تک محض 30 رن پر گنوا دیے تھے ۔10 اوور تک ممبئی کے سات وکٹ گر چکے تھے اور آئی پی ایل میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی ٹیم نے پہلے 10 اوور میں سات وکٹ گنوا دیے ۔کنال پانڈیا نے 17 رنز بنائے ۔ہربھجن سنگھ نے 22 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 21 رنز بنا کر ممبئی کو اس کے سب سے کم ا سکور پر آؤٹ ہونے کی شرمندگی سے بچا لیا۔ممبئی کا آئی پی ایل میں سب سے کم اسکور 87 رنز ہے لیکن اس کا 92 رن کا اسکور اس سیزن کا سب سے کم ا سکور بن گیا۔
بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے تیز بولر مستفیض الرحمن نے نچلے آرڈر میں ہاردک پانڈیا (سات)، ٹم ساؤتھی (تین) اور مشیل میک کلینگن (آٹھ) کے وکٹ لے کر ممبئی کو واپسی کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔بائیں ہاتھ کے ایک اور گیند باز بریندر شرن نے 18 رنز دے کر کرال پانڈیا (17) اور جسپریت بمراہ (چھ) کے وکٹ حاصل کئے ۔اس طرح حیدرآباد کے بائیں ہاتھ کے تین تیز گیند بازوں نے ممبئی کا بوریا بستر باندھ دیا۔نہرا نے 15 رن پر تین وکٹ، مستفیض الرحمن نے 16 رن پر تین وکٹ اور شرن نے 18 رن پر دو وکٹ لئے ۔بھونیشور اور ہینرکس کو ایک ایک وکٹ ملی۔