راج دیو قتل کی سی بی آئی جانچ ہوگی

جنتا دربار کے بعد پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ نے کہا : قاتل کو کسی بھی حال میں بخشا نہیں جائے گا،مقتول کی بیوہ نے اپنے بچوں کیلئے سیکوریٹی کا مطالبہ کیا

پٹنہ، 16 مئی (تاثیر نیوزسروس؍ یو این آئی) وزیر اعلی نتیش کمار نے ہندی روزنامہ ہندوستان کے صحافی راجدیو رنجن کے قتل کے معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرانے کا حکم دیا ہے ۔مسٹر نتیش کمار نے آج یہاں جنتا دربار میں پروگرام کے دوران پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے کل ہی ریاست کے پولس ڈائریکٹر جنرل کو سیوان میں صحافی راجدیو رنجن کے قتل کے معاملے کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔ اس سلسلے میں آج مرکزی وزارت داخلہ سے سی بی آئی جانچ کی درخواست کر دی جائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ قانون سے بالاترکوئی نہیں ہے اور اس معاملے میں مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔ صحافی پر ہونے والے حملے کو وہ اپنے اوپر حملہ خیال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کی تحقیقات شروع ہونے تک بہار پولس کی تفتیش جاری رہے گی۔واضح رہے کہ 13 مئی کی رات مجرموں نے سیوان میں مامور روزنامہ ہندوستان کے بیورو چیف راجدیو رنجن کوگولی مار کر قتل کر دیا تھا۔جس کے بعد راج دیو کی اہلیہ ، ان کے بیٹے اور دیگر اہل خاندان نے معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔