سرڈان بریڈمین کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں وراٹ کوہلی

نئی دہلی، 19 مئی (یو این آئی) کرکٹ کی نئی رن مشین بن چکے وراٹ کوہلی کسی ایک سیریز میں دنیا کے عظیم ترین بلے باز آسٹریلیا کے سر ڈان بریڈمین کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔آئی پی ایل نو میں اپنی زندگی کی سب سے بہترین بلے بازی کر رہے وراٹ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور آسٹریلیا کے مائیکل ہسی کے 733 رنز کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں اور اب ان کے نشانے پر بریڈمین کے 1930 کی ایشز سیریز میں 974 رنز بنانے کا ریکارڈ ہے ۔بریڈمین نے اس ایشز سیریز میں پانچ میچوں میں 139.14 کی اوسط اور چار سنچریوں کی مدد سے 974 رنز بنائے تھے ۔اگر ون ڈے سیریز کی بات کی جائے تو آسٹریلیا کے گریگ چیپل نے 1981۔82 کی بینسن اینڈ ھیجز ورلڈ سیریز میں 14 میچوں میں 68.60 کی اوسط سے 686 رنز بنائے تھے جس میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔وراٹ موجودہ آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں 13 میچوں میں 86.50 کی اوسط اور 155.01 کے اسٹرائک ریٹ سے 865 رنز بنا چکے ہیں جس میں ریکارڈ چار سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔وراٹ جس رفتار کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں اسے دیکھتے ہوئے اگر وہ اس ٹورنامنٹ میں 1000 رنز کے ہندسے کو چھو لیں تو کسی کو حیرانی نہیں ہوگی۔ان کے پاس ابھی ایک گروپ میچ باقی ہے اور اگر ان کی ٹیم پلے آف میں پہنچتی ہے تو وہ یقیناًبریڈمین کا ریکارڈ توڑ کر 1000 رنز بھی بنا سکتے ہیں۔رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان نے آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے ۔انہوں نے کل کنگز الیون پنجاب کے خلاف محض 50 گیندوں میں 12 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی ناقابل یقین اننگز کھیلی تھی۔وراٹ نے اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل میں 4000 رنز پورے کر لیے اور یہ کامیابی حاصل کرنے والے وہ پہلے بلے باز بنے گئے ۔انہوں نے سریش رینا کے 3985 کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔اس ٹورنامنٹ میں وراٹ کی چار سنچری کسی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ سنچری ہیں۔مائیکل کلنگر نے 2015 کے نیٹ ویسٹ ٹی 20 میں تین سنچری بنائی تھیں ۔ آئی پی ایل میں کل سنچری بنانے کے معاملے میں وراٹ سے آگے ان کی ٹیم کے ساتھی کرس گیل ہیں جن کے نام پانچ سنچری ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ وراٹ نے اپنی پہلی 180 ٹوئنٹی 20 اننگز میں کوئی سنچری نہیں بنائی تھی لیکن اس کے بعد نو اننگز میں وہ چار سنچری بناچکے ہیں۔وراٹ اس سال ٹوئنٹی 20 میں 75 یا اس سے زیادہ کے 11 اسکور بنا چکے ہیں جو ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ہیں۔گیل نے 2011 اور 2015 میں دو بار ایک کیلنڈر سال میں 10 ایسے اسکور بنائے تھے ۔وراٹ نے آئی پی ایل نو کے 13 میچوں میں 75، 79، 33، 80، ناٹ آؤٹ 100، 14، 52، ناٹ آؤٹ 108،20، سات، 109، ناٹ آؤٹ 75 اور 113 کے اسکور کئے ہیں۔