شراب بندی کیلئے پورے ملک میں بہار کی تعریف ہورہی ہے:نتیش

تیجسوی نے کہا ہمت ہے تو صدر راج نافذ کر کے دکھاؤ

مظفر پور28 مئی (نمائندہ): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ بہار میں مکمل شراب بندی نافذ کر کے جو مثال قائم کی ہے اس کی وجہ سے آج پورے ملک میں بہار کی تعریف ہورہی ہے۔ لیکن یہ بات حکومت کے مخالفین کو پسند نہیںآرہی ہے۔ اسی لئے وہ اناپ شناپ بیان بازی کر کے بہار کو بدنام کرنے اور اسے پیچھے دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ سنیچر کو مقامی نیو پولس لائن کے میدان میں جیویکا گروپ کی خواتین کی طرف سے منعقد شراب بندی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ یہ آپ کے تعاون سے ممکن ہوا ہے۔ آپ کی یہ سوچ بہار کی نئی خاموش کرانتی جیسی ہے۔ اس سے بہار نہ صرف آگے بڑھے گا بلکہ پورے ملک کو بھی ترقی کاراستہ دکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگ ہر سال 13 سے14 ہزار کروڑ روپئے کے شراب پی جاتے تھے جس سے ان کا خاندان بھی برباد ہوجاتا تھا اب وہی پیسے خاندان کی بہتری پر خرچ ہوں گے تو ظاہر ہے کہ خاندان کے ساتھ ساتھ بہار کی بھی ترقی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی ترقی دیکھ کر اپوزیشن کے پیٹ میں درد ہورہا ہے۔