شراب بندی کے نفاذ میں جیویکا کی خواتین کا اہم کردار:نتیش

پٹنہ 24 مئی (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ مکمل شراب بندی کے نفاذ میں جیویکا سے وابستہ خواتین کا اہم کردار ہے۔ وزیراعلیٰ منگل کو مونگیر کے پولو گراؤنڈ میں جیویکا گروپ کی خواتین ارکان کی طرف سے منعقد شراب بندی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کے درمیان شراب بندی سے متعلق اس پروگرام میں شریک ہوکر مجھے دلی خوشی ہورہی ہے۔ آج اس پروگرام میں جیویکا دی دیوں نے اپنے تجربہ شیئر کئے، انہوں نے اپنی جدوجہد کے بارے میں بتایا۔ اپنے اوپر ہونے والے مظالم اور خاندان کی حالت کی جانکاری دی۔ شراب کے خلاف اپنی جدوجہد کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا اور یکم اپریل سے شراب بندی نافذ ہونے کے بعد اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ میں شراب بندی میں آپ سبھوں کے تعاون کیلئے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شراب کے خلاف بیداری مہم میں سیلف ہیلپ گروپ کی دی دیوں کا اہم کردار رہا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین ٹیچرس، آشا کارکنان،ممتا ، آنگن باڑی سیویکا ،سہائیکا ،وکاس متروں ،ٹولہ سیوکوں کے علاوہ اسکول کے بچوں نے بھی تعاون پیش کیا ہے۔