وزیر اعلی اکھلیش یادو نے جھانسی کے ضلع مجسٹریٹ کودیاجانچ کاحکم
لکھنؤ5مئی(آئی این ایس انڈیا)خشک متاثرہ بندیل کھنڈ کی مدد کے لئے مرکز کی جانب سے ٹرین کے ذریعے بھیجے گئے پانی کے ٹینکر کے قبول کرنے کو لے کر اتر پردیش حکومت دن بھر کشمکش میں رہی، تاہم کابینہ وزیر شیو پال یادو اور چیف سکریٹری آلوک رنجن کی طرف سے یہ مدد رد کرنے کے بعد وزیر اعلی اکھلیش یادو کی ہدایت پر ٹرین کے ٹینکروں کی جانچ کرنے پر یہ خالی پائے گئے۔ٹرین کے خالی ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد وزیر اعلی نے جھانسی کے ضلع مجسٹریٹ کو تحقیقات کا حکم دیا۔جانچ میں پتہ لگا کہ ٹرین کے ٹینکر خالی ہیں۔اس سے پہلے وزیر اعلی نے ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ انہوں نے مرکزی حکومت سے پانی بھری ٹرین کے بجائے 10ہزار خالی ٹینکر بھیجنے کی گزارش کی ہے تاکہ بندیل کھنڈ کے آبی ذرائع میں دستیاب پانی کو خشک متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا سکے۔مرکز کی طرف سے رتلام سے بھرے گئے پانی سے لبالب بھرے ٹینکر والی ٹرین خشک متاثرہ بندیل کھنڈ کے جھانسی ضلع میں بھیجے جانے کی کچھ میڈیا رپورٹوں پر ریاست کے آبی وسائل کے وزیر شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ صوبے کو باہر سے پانی منگانے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کو باہر سے پانی منگانے کی ضرورت نہیں ہے،جب ضرورت ہوگی تو پانی مانگا جائے گا،کوئی اگر اس طرح پانی بھیج دے گا تو ہم اسے کہاں رکھیں گے۔ادھر مرکزی سیکرٹری آلوک رنجن نے بھی ٹینکر ٹرین بھیجے جانے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہاکہ پانی کی ایسی دقت نہیں ہے کہ ہمیں باہر سے ریل سے پانی منگوانا پڑے،ہم نے پانی کے لئے انتظامات کئے ہیں،ہم مطالبہ کریں گے کہ خالی ٹینکر بھیجوائے جائیں،پانی کا مسئلہ نہیں ہے، صرف اس کے پہنچانے کا مسئلہ ہے۔