چندر پور ،مہاراشٹر کے خواتین گروپ نے کی وزیراعلیٰ سے ملاقات ،کہا بہار کی خواتین خوش نصیب ہیں جنہیںآپ جیسا وزیراعلیٰ ملا
پٹنہ 08 مئی (طارق حسن): وزیراعلیٰ نتیش کمار کی رہائش 7 سرکلر روڈ میں چندر پور شرمک الگار گروپ ، مہاراشٹر کی خواتین نے وزیراعلیٰ نتیش کمار سے مل کر بہار میں مکمل شراب بندی کیلئے انہیں مبارکباد دی اور گذارش کی اور انہیں بتایا کہ مہاراشٹر کی تمام خواتین نے بھی آپ کو اس کیلئے بہت بہت مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو بتایا کہ بہار کی طرح مکمل شراب بندی پروگرام میں آپ کی مضبوط قیادت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ بہار کی خواتین خوش نصیب ہیں جنہیںآپ جیسا وزیراعلیٰ ملا ہے۔ انہوں نے مہاراشٹر میں شراب بندی کیلئے جون کے بعد چندر پور سمیت مہاراشٹر کے کئی ضلعوں میں شراب بندی پروگرام میں آنے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ نے شراب بندی پروگرام میں شامل ہونے کی یقین دہانی کی۔ وزیراعلیٰ سے ملنے کے بعد الگار گروپ کی صدر کرومیتا گوسوامی نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں نے وزیر اعلیٰ کو مہاراشٹر میں شراب بندی پروگرام آنے کیلئے مدعو کیا ہے۔ انہوں نے ہماری دعوت کو قبول کر پروگرام میں شرکت کرنے کیلئے یقین دہانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی خواتین وزیراعلیٰ نتیش کمار سے متاثر ہیں۔ ہم لوگ ان سے مل کر فخر محسوس کررہے ہیں۔ چندر پور ضلع میں ایک اپریل 2015 سے لاگو شراب بندی کا مکمل نفاذ ہو اس کیلئے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی رہنمائی درکار ہے۔ ہم لوگوں نے شراب بندی کیلئے لڑائی لڑی ، ہم لوگوں کی مانگ پر چندر پور ضلع میں شراب بندی لاگو ہوگئی لیکن اس کا مکمل نفاذ آج تک نہیں ہوسکا ہے۔ مہاراشٹر کے چندر پور ، وردھا اور گڑھ کھرولی میں شراب بندی لاگو ہے لیکن بہار کی طرح مکمل شراب بندی کا نفاذ نہیں ہوپایا ہے۔