میں نے ‘اے بی ڈي ویلئرس’ کے احترام میں سر جھکایا : وراٹ

بنگلور، 25 مئی (یواین آئی) رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل نو کے پہلے پلے آف کے بے حد دلچسپ مقابلے میں منگل کو گجرات لائنس کے خلاف ملی شاندار جیت کا سہرہ جارح بلے باز اے بی ڈی ویلئرس کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈی ویلئرس کے احترام میں سر جھکایا تھا۔بہترین بلے باز اے بی ڈی ویلئرس کی مشکل حالات میں کھیلی گئی ناٹ آؤٹ 79 رن کی دمدار اننگز کی وجہ سے رائل چیلنجرس بنگلور نے گجرات لائنس کو دلچسپ مقابلے میں چار وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل نو کے خطابی مقابلے میں جگہ بنا ئی ۔ وراٹ نے میچ ختم ہونے کے بعد کہا، “مجھے یقین نہیں ہو رہا ہے کہ میں یہاں ایک فاتح کپتان کے طور پر کھڑا ہوں۔اس سے اس بحث پر بھی لگام لگ گئی ہے کہ ہم دونوں میں سے عظیم کھلاڑی کون ہے ۔ میچ جیتنے کے بعد میں اے بی ڈی ویلئرس کے احترام میں جھک گیا تھا۔ ڈی ویلیئرس نے دباؤ میں بھی ایک شاندار اننگزکھیلی۔ ان کی اس کارکردگی سے میں بہت خوش ہوں۔ ہم ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیل کر پلے آف میں پہنچے ۔ ” گجرات سے ملے 159 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلور کی شروعات بے حد خراب رہی تھی اور اس نے محض 29 رن کے اندر اپنے پانچ وکٹ گنوا دیئے تھے ۔ایسے میں ڈی ویلئرس نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اقبال عبداللہ کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لئے 91 رن کی ناٹ آوٹ ساجھے داری کرکے بنگلور کو فائنل میں پہنچا دیا۔کپتان وراٹ نے کہا، “اس بار ہمارا ٹاپ آرڈر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پایا۔ میں دیکھ رہا تھا کہ گجرات کی ٹیم ڈی ویلئرس کے سلسلے میں فکر مند نظر آرہی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جیت کا کریڈٹ عبداللہ کو بھی جاتا ہے ۔ انہوں نے صبر کے ساتھ کھیلتے ہوئے اے بی کا اچھا ساتھ نبھایا۔شروعات میں گیند رک کر آ رہی تھی، لیکن دوسری اننگز میں وکٹ پر بلے بازی آسان ہو گئی تھی۔ “27 سالہ وراٹ نے فائنل میں پہنچنے کی خوشی بیان کرتے ہوئے کہا، “ہمارے لئے اس سے بہترین ا سکرپٹ والی کہانی نہیں ہو سکتی۔