نتیش نے کی مودی کی تعریف

پی ایم صاحب شراب بندی کے حمایتی ہیں اسی لئے گجرات میں شراب بند ہے،یوپی کے شراب بندی پروگرام سے نتیش کمار کاخطاب

لکھنؤ15 مئی (آفاق عالم): بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بروز اتوار کہا کہ میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش جی سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور یوپی میں شراب پر پابندی لگائیں۔ وزیراعلیٰ بہار آج یہاں کسان منچ کے شراب بندی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوہیا کا نام لیتے ہیں تو کچھ کام بھی کیجئے۔ تمل ناڈو چناؤ میں بھی یہی سوال سب کی زبان پر ہے کہ کون سی پارٹی شراب بندی کیلئے کام کرے گی۔ نتیش کمار نے کہا کہ اکھلیش جی گھبرائیے نہیں بلکہ شراب بند کیجئے ،شروع میں شراب پینے والوں کو اس سے تھوڑی دقت ہوگی لیکن آخر میں سبھی خوش ہوں گے۔ وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار نے اکھلیش حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ لوگ لوہیا کا نام لیتے ہیں لیکن آمدنی شراب سے کررہے ہیں۔ جب بہار میں ہم نے شراب بندی لاگو کی تو یوپی حکومت اس سے اپنی تیجوری بھرنے کی تیاری کرنے لگی تھی۔ نتیش کمار نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ یوپی حکومت شراب بندی کے معاملے میں ہماری مدد نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اترپردیش کے سی ایم کو ایک لیٹر لکھا تھا کہ جس طرح ضلع کے بارڈر پر پانچ کلو میٹر کے دائرے میں شراب کی دکان کھولنے پرپابندی ہے اسی طرح یوپی کے بارڈر پر بھی یہ ضابطہ لاگو کرنا چاہئے لیکن سی ایم صاحب نے ہمارے لیٹر کا کوئی جواب نہیں دیا۔ وزیراعلیٰ بہار نے کہا کہ یوپی حکومت کو شراب سے تقریباََ 18 ہزار کروڑ کا ریونیو آتا ہے۔ لیکن اگر یہی شراب بند ہوگی تو اس سے 60 ہزار کروڑ کا فائدہ ہوگا۔شراب بندی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بہار نے وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کی اور کہا کہ پی ایم صاحب شراب بندی کے حمایتی ہیں اسی لئے گجرات میں شراب بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ایم صاحب سے گذارش کریں گے کہ اگر وہ شراب بندی کے حمایتی ہیں تو دیگر بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں میں بھی اسے لاگو کروادیں۔ ساتھ ہی وزیراعلیٰ بہار نے وزیراعظم پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایم نے چناؤ میں کسانوں سے لاگت کا 50 فیصد منافع جوڑ کر قیمت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن وہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہوسکا ہے۔ اس موقع سے کسان منچ نے گجرات کے ہاردک پٹیل کو انصاف دلانے کیلئے وزیرا علیٰ بہار نتیش کمار سے مطالبہ کیا۔