چنئی،25مئی(یواین آئی)تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للیتا نے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے قومی اہلیت داخلہ نیٹ (این ای ای ٹی)کے نفاذ میں چھوٹ سے متعلق آرڈننس کے اعلان پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔محترمہ جے للیتا نے مسٹر مودی سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ مستقبل میں بھی نیٹ ریاست میں نافذ نہ ہو اس کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔عدالت عظمیٰ نے نیٹ سے متعلق حکم دیا ہے کہ تمام ریاستوں کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے نیٹ کے تحت صرف ایک مشترکہ امتحان ہوگا۔نیٹ 1امتحان یکم مئی کو ہوچکا ہے اور نیٹ 2امتحان 24جولائی کو ہونا ہے ۔وزیر اعلی نے اس سے متعلق کل مسٹر مودی کو خط لکھا جس کی ایک کاپی آج عام کردی گئی۔محترمہ جے للیتا نے خط میں کہا ہے کہ اس آرڈننس سے ان لاکھوں طلبہ کو راحت ملی ہے ،جو ریاست کے کوٹے سے میڈیکل کالج میں داخلے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے سرکاری اور نجی میڈیکل کالجوں میں ریاستی حکومت کی سیٹ سے متعلق نیٹ سے چھوٹ کے لئے آرڈننس جاری کیا ہے ۔